Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, May 30, 2026

گورنر خیبر پختونخوا کا ڈیرہ اسماعیل خان ائیرپورٹ کا دورہ

گورنر خیبر پختونخوا نے ایئرپورٹ کا دورہ کیا جہاں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے حکام نے انہیں ایئرپورٹ کی موجودہ صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایئرپورٹ حکام نے گورنر کا استقبال بھی کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے ڈیرہ ایئرپورٹ سے متعلق بیان پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رن وے پر کارپٹنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ باقی ماندہ کام جلد مکمل کر کے ایئرپورٹ کو اے ٹی آر پروازوں کے لیے قابلِ استعمال بنایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ 2015 میں بند کر دیا گیا تھا اور اب اس کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پر آلات اور عملے کی کمی کو جلد پورا کیا جانا چاہیے جبکہ آڈٹ اور سیفٹی اسسمنٹ بھی ناگزیر ہیں۔
گورنر نے امید ظاہر کی کہ وزیر دفاع جلد ہی ایئرپورٹ پر کمرشل آپریشنز کی بحالی سے متعلق خوشخبری دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایئر حکام کے ساتھ ملاقات میں ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال کے لیے پروازوں کے اجراء پر بھی بات چیت ہوگی، جبکہ نجی ایئرلائنز کو خیبر پختونخوا میں فضائی آپریشنز شروع کرنے کے لیے راغب کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مجوزہ گرین فیلڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ 1700 ایکڑ سے زائد رقبے پر تعمیر کیا جائے گا اور سالانہ 10 لاکھ مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کی گنجائش رکھے گا۔ ان کے مطابق ایئرپورٹ کو پیزو، لکی مروت یا بنوں منتقل کرنا مناسب نہیں، جبکہ یارک کے قریب مجوزہ مقام پورے خطے کے لیے زیادہ موزوں ہے۔
اس موقع پر گورنر نے این-55 ڈیرہ پروہ روڈ کی دو رویہ تعمیر پر بھی جلد کام شروع ہونے کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے ٹینڈرز مکمل ہو چکے ہیں۔
سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے گندم پر عائد پابندی کو زیادتی اور آئین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ آج انہی لوگوں کے پاس گئے ہیں جنہیں ماضی میں تنقید کا نشانہ بناتے تھے۔ آئینی عدالت اور مجوزہ 28ویں ترمیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ابھی کسی مسودے کو حتمی شکل نہیں دی گئی اور پاکستان پیپلز پارٹی ہر آئینی معاملے کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی تجاویز پیش کرتی ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا کا ڈیرہ اسماعیل خان ائیرپورٹ کا دورہ

Shopping Basket