Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Tuesday, June 9, 2026

نیشنل جونیئر چیمپئن شپ کا پشاور میں رنگا رنگ تقریب میں آغاز

پشاور ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام نیشنل جونیئر چیمپئن شپ کا پشاور سپورٹس کمپلیکس میں ایک شاندار اور رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ آغاز ہوگیا چیمپئن شپ میں ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد کھلاڑی بیڈمنٹن، سکواش، ایتھلیٹکس، والی بال، ٹیبل ٹینس اور کراٹے کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔افتتاحی تقریب کے مہمانان خصوصی صوبائی وزیر اطلاعات شفیع اللہ جان اور مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند تھے اس موقع پر معاون خصوصی ہمایون خان، ممبر صوبائی اسمبلی میاں شرافت، سیکرٹری سپورٹس آصف خان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔تقریب میں چاروں صوبوں ،اسلام آباد اور مختلف ڈیپارٹمنٹس کےدستوں نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا جبکہ آتش بازی کے دلکش مظاہرے کو شرکائ نے انجوئے کیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شفیع اللہ جان نے ملک بھر سے آنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ چیمپئن شپ میں اعلیٰ معیار کے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو سپورٹس مین شپ، نظم و ضبط اور برداشت کا درس دیتے ہیں، کھیل میں ہار جیت معمول کی بات ہے اصل کامیابی اپنی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مرد و خواتین کھلاڑیوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ بعد ازاں انہوں نے نیشنل جونیئر چیمپئن شپ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا۔مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس نوعیت کے قومی ایونٹس مختلف علاقوں کے نوجوانوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں اور قومی یکجہتی کو فروغ دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ بھی ایسے مقابلوں کا انعقاد جاری رکھے گی تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع میسر آسکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وڑن کے مطابق کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جس کے نتیجے میں صوبے بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔تاج محمد ترند نے کہا کہ حالیہ عرصے میں انڈر 21 خیبرپختونخوا گیمز کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں آٹھ ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی، اس کے علاوہ یتیم اور بے سہارا بچوں، خصوصی افراد، اقلیتوں، خواجہ سراو¿ں، مدارس کے طلبہ اور رمضان المبارک کے دوران مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا جبکہ چترال میں آئس ہاکی ایونٹ کا بھی کامیاب انعقاد کیا گیا۔انہوں نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو یقین دلایا کہ وہ صوبے کے مہمان ہیں اور انہیں کسی بھی قسم کی دشواری پیش آئے تو ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ مقابلوں میں بھرپور جوش و جذبے، محنت اور کھیل کے بہترین اصولوں کے ساتھ حصہ لیں اور اس ایونٹ کو یادگار بنائیں۔

نیشنل جونیئر چیمپئن شپ کا پشاور میں رنگا رنگ تقریب میں آغاز

Shopping Basket