Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, June 11, 2026

نیشنل جونیئر چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا کی شاندار کارکردگی

خیبرپختونخوا نے ایتھلیٹکس، والی بال، بیڈمنٹن اور سکواش میں گولڈ میڈلز حاصل کیے،مشیر کھیل تاج محمد خان ترند نے انعامات تقسیم کئے
پشاور (سپورٹس رپورٹر) نیشنل جونیئر چیمپئن شپ 2026 کے مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے۔ چار روز تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ میں ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے سکواش، ایتھلیٹکس، والی بال، بیڈمنٹن، کراٹے اور ٹیبل ٹینس سمیت چھ مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
خیبرپختونخوا نے مجموعی طور پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بوائز کیٹیگری میں ایتھلیٹکس، والی بال، بیڈمنٹن اور سکواش میں گولڈ میڈلز حاصل کیے، جبکہ کراٹے میں سلور میڈل اپنے نام کیا۔ گرلز کیٹیگری میں خیبرپختونخوا نے سکواش میں گولڈ اور سلور، جبکہ ایتھلیٹکس اور ٹیبل ٹینس میں سلور میڈلز جیتے۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی مشیر کھیل و امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند تھے، جنہوں نے فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر،ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس، نازیہ ذکی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس شاہ فیصل، ایڈمنسٹریٹریوسف آفریدی اور مختلف فیڈریشنز و صوبائی ایسوسی ایشنز کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر کھیل و امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند نے کہا کہ نیشنل جونیئر چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں نے مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، جو مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابیوں کی نوید ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے عزم پر کاربند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے باصلاحیت کھلاڑی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں ہر ممکن سرپرستی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔

نیشنل جونیئر چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا کی شاندار کارکردگی

Shopping Basket