پشاور، 20 جولائی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیرِ اہتمام سمر کیمپ 2026 کے سلسلے میں “طلبہ کا ایک دن فوج کے ساتھ” کے عنوان سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ میں حب الوطنی، نظم و ضبط اور قومی شعور کو فروغ دینا تھا۔
تقریب کے دوران مختلف معلوماتی اسٹالز قائم کیے گئے، جہاں عسکری سازوسامان، ہتھیار، مواصلاتی آلات اور دیگر فوجی آلات کی نمائش کی گئی۔ طلبہ کو ان آلات کے استعمال، پیشہ ورانہ افادیت اور قومی دفاع میں ان کے کردار سے بھی آگاہ کیا گیا۔
طلبہ کے لیے آرچری، بیڈمنٹن، ٹگ آف وار اور دیگر کھیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا، جن میں انہوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
شرکاء نے اس پروگرام کو معلوماتی اور یادگار قرار دیتے ہوئے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور پرخلوص میزبانی کو سراہا۔
طالبہ انیزہ انیل نے کہا، “پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جدید عسکری سازوسامان کو قریب سے دیکھ کر بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ اس پروگرام نے ہمیں بتایا کہ پاک فوج کس طرح دن رات ملکی دفاع کی ذمہ داریاں انجام دیتی ہے۔”
طالب علم محمد معاذ نے کہا، “کمانڈوز کی آپریشنل مشق کا عملی مظاہرہ انتہائی متاثر کن اور معلوماتی تھا۔”
طالب علم حیدر میر کاظمی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا، “ہم پاک فوج کی قربانیوں اور خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے اور آج کا دن ہمیشہ یاد رہے گا۔”
طالبہ شرنا نے کہا، “میں ایک پاکستانی ہونے پر فخر محسوس کرتی ہوں۔ پاکستان زندہ باد۔”


