خیبر پختونخوا ریپروڈکٹو ہیلتھ کیئر ایکٹ 2020ء پر ایک روزہ سیمینار’یو این ایف پی اے’ (UNFPA) ورک پلان 2026ء کے تحت نوشہرہ میں منعقد ہوا۔ سیمینار میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نوشہرہ جناب ڈاکٹر محمد اکرام شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اعجاز اختر صاحب، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر، محکمہ بہبودِ آبادی ضلع نوشہرہ کے افسران و اہلکاروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سیمینار کا آغاز ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر نوشہرہ جناب فہد سرور کے خیرمقدمی خطاب سے ہوا، جنہوں نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ‘آبادی میں اضافے سے متعلق قومی بیانیے’ پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے متوازن آبادی میں اضافے کی اہمیت اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
سابق سیکرٹری محکمہ بہبودِ آبادی جناب اصغر علی نے خیبر پختونخوا ریپروڈکٹو ہیلتھ کیئر ایکٹ 2020ء پر ایک جامع پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے ایکٹ کے مقاصد، اہم شقوں اور افادیت پر روشنی ڈالی، بالخصوص صوبے بھر میں معیاری ریپروڈکٹو ہیلتھ کیئر خدمات تک رسائی یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلات پیش کیں۔ اپنے خطاب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، محکمہ بہبودِ آبادی جناب نوشیروان نے اس بات پر زور دیا کہ ریپروڈکٹو ہیلتھ کیئر ایکٹ 2020ء ایک سنگِ میل اقدام ہے جس کا مقصد خیبر پختونخوا میں تولیدی حقوق کا تحفظ، خاندانی منصوبہ بندی کا فروغ اور ماں و بچے کی صحت کے اشاریوں کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے ایکٹ کے مؤثر نفاذ اور پائیدار آبادی کی دیکھ بھال اور صحت کے بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے مابین باہمی ربط و تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ سیمینار کے اختتام پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر نوشہرہ، شریک افسران و اہلکاروں، ترقیاتی شراکت داروں اور تمام منتظمین کا تقریب کو کامیاب بنانے میں ان کی قیمتی کاوشوں اور فعال شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سیکرٹری محکمہ بہبودِ آبادی خیبر پختونخوا ڈاکٹر انیلہ محفوظ درانی اور معاونِ خصوصی برائے وزیراعلیٰ بہبودِ آبادی جناب طفیل انجم کی جانب سے بھی تحسین کا پیغام پہنچایا۔


