Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, August 13, 2026

خیبر پختونخوا کابینہ: احساس نوجوان پروگرام کیلئے 5 ارب روپے مختص

 وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں تعلیم، صحت، توانائی، نوجوانوں کے روزگار اور قانون سازی سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔ صوبائی وزیر شفیع جان کے مطابق کابینہ نے احساس نوجوان پروگرام کا حجم 3 ارب روپے سے بڑھا کر 5 ارب روپے کرنے کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ صوبائی حکومت کا اہم منصوبہ ہے جس کا مقصد نوجوانوں میں کاروبار، خود روزگاری اور پائیدار ذرائع معاش کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔

کابینہ نے عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے انعقاد کا شیڈول اور طریقہ کار بھی منظور کیا، جو یکم سے 12 ربیع الاول 1448 ہجری تک جاری رہے گا۔ تعلیم کے شعبے میں کابینہ نے ضم اضلاع کے ماڈل سکولوں کے لیے رواں مالی سال کے دوران یک وقتی امدادی گرانٹ کی مد میں 18 کروڑ 87 لاکھ 56 ہزار روپے کی منظوری دی۔ ان اداروں میں مہمند کا ممد گٹ اور غلانئی ماڈل سکول، جنوبی وزیرستان کا وانا ماڈل سکول، جنوبی وزیرستان ٹانک کا زام ماڈل سکول، کرم کا صدہ ماڈل سکول اور شمالی وزیرستان کا میران شاہ ماڈل سکول شامل ہیں۔

چترال کے لینگ لینڈ سکول اینڈ کالج کے لیے بھی 6 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔ کابینہ نے سکول سے باہر بچوں کو تعلیمی اداروں میں واپس لانے کے لیے متعلقہ محکموں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی منظوری بھی دی۔ شفیع جان کے مطابق کابینہ نے کے جی سے پانچویں جماعت تک جیکٹڈ نصابی کتب کا سمسٹر نظام بھی منظور کیا ہے، جس کا نفاذ تعلیمی سال 2027-28 سے ہوگا، جبکہ چھٹی سے آٹھویں جماعت تک یہ نظام بعد میں نافذ کیا جائے گا۔ نویں سے بارہویں جماعت تک طلبہ کو 100 فیصد مفت نصابی کتب فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

نئے نظام کے تحت دو یا اس سے زیادہ بنیادی مضامین کی منظور شدہ کتابیں ایک ہی جلد میں شامل کی جائیں گی تاکہ نصابی معیار برقرار رکھتے ہوئے کتابوں کی جلد بندی اور سکول بیگ کا وزن کم کیا جا سکے۔ پائلٹ منصوبے کے تحت کے جی سے پانچویں جماعت تک بنیادی نصابی کتب گرم اور سرد دونوں زونز کے سرکاری سکولوں میں جیکٹڈ اور سمسٹر فارمیٹ میں فراہم کی جائیں گی۔ صحت کے شعبے میں کابینہ نے 21 مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے لیے مالی امداد کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ 114 ہاؤس جاب سلاٹس کے قیام اور ہاؤس افسران و ٹرینی میڈیکل افسران کے وظائف میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی، جبکہ اس کے بعد ہر سال 5 فیصد اضافہ بھی ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیوں کے فارغ التحصیل طلبہ کے لیے مواقع بڑھانے اور تدریسی ہسپتالوں میں افرادی قوت مضبوط بنانے کے لیے مزید سلاٹس کی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔

توانائی کے شعبے میں کابینہ نے خیبر پختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ سسٹم کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ 132/220 کے وی ڈبل سرکٹ گورکن متلتان ٹرانسمیشن لائن کے رائٹ آف وے سے متعلق مسائل کے حل کے لیے زمین کے نقصان کے معاوضے کی بھی منظوری دی گئی۔ قانون سازی کے حوالے سے کابینہ نے خیبر پختونخوا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی بل 2026 کی منظوری دے دی۔ بل کے قانون بننے کے بعد ایک خودمختار اتھارٹی قائم ہوگی جس کی سربراہی پیشہ ور چیف ایگزیکٹو آفیسر کرے گا۔ اتھارٹی میں منظوری کے دو مراحل ہوں گے، جن میں ایک اعلیٰ سطحی باڈی اور ایک ایگزیکٹو کمیٹی شامل ہوگی۔

کابینہ نے خیبر پختونخوا آفس آف دی پروونشل اومبڈسمین ملازمین (شرائط و ضوابط ملازمت) رولز 2025 میں ترامیم کی بھی منظوری دی۔ دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے لیے معاوضے میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔ ضلع باجوڑ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سے متاثر ہونے والے شہریوں کے لیے خصوصی معاوضے کے تحت جاں بحق افراد کے ورثا کو ایک کروڑ روپے جبکہ شدید زخمیوں کو 25 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ عمومی معاوضہ پیکیج میں بھی اضافہ کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے ورثا کا معاوضہ 10 لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ اور شدید زخمیوں کا معاوضہ بڑھا کر 15 لاکھ روپے کردیا گیا۔

کابینہ نے خیبر پختونخوا اساتذہ (تقرری اور خدمات کی مستقلی) بل 2026 کی بھی منظوری دی۔ بل کے تحت محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم میں عارضی بنیادوں پر تعینات اور قانون سازی کے بعد مختلف وجوہات کی بنا پر مستقل ہونے سے رہ جانے والے اساتذہ کی خدمات مستقل کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ کابینہ نے دو مسودہ نوٹیفکیشنز کی منظوری دی، جن کے تحت سابقہ فاٹا اور پاٹا میں سروس فراہم کنندگان کو خدمات پر سیلز ٹیکس جبکہ وہاں قائم صنعتوں کو ودہولڈنگ سیلز ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے گا۔

خیبر پختونخوا کابینہ: احساس نوجوان پروگرام کیلئے 5 ارب روپے مختص

Shopping Basket