Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, September 11, 2026

جبہ ڈیم متاثرین کا 17 ستمبر کو خیبر ہاؤس کے سامنے احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان

خیبر: جمرود جبہ ڈیم، تپہ مکی خیل اور تپہ مستل خیل کے متاثرین نے اپنے حقوق کے حصول اور 22 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف 17 ستمبر بروز جمعرات پشاور میں خیبر ہاؤس کے سامنے مطالبات کی منظوری تک احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کردیا۔

جمرود پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متاثرین کے مشران محمد عرفان کھٹیاخیل، داود خان، حاجی لعل بت خان، فضل الرحمان، ستانہ میر، خیال اکبر اور دیگر نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی ماہ سے اپنے جائز حقوق کے لیے حکومت اور متعلقہ حکام سے رابطے، مذاکرات اور درخواستیں کرچکے ہیں، تاہم انہیں مسلسل ٹال مٹول کا سامنا ہے۔

مشران کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے 2 اگست کو جمرود دورے کے موقع پر متاثرین نے احتجاجی کیمپ قائم کیا تھا۔ سول انتظامیہ خیبر کے ساتھ مذاکرات اور یقین دہانیوں کے بعد کیمپ ختم کردیا گیا تھا۔ انتظامیہ نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی تھی کہ اراضی کا مکمل حساب فراہم، ہر متاثرہ شخص کی تفصیلات اور معاوضے کی رقم کا ریکارڈ سامنے لایا جائے گا، جبکہ زمین کی پیمائش اور دیگر جائز مطالبات پر بھی پیش رفت کی جائے گی۔

متاثرین نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ کی یقین دہانی پر اعتماد کرتے ہوئے وہ جبہ ڈیم کے علاقے میں متعلقہ حکام کے ہمراہ گئے جہاں اراضی کے کوآرڈینیٹس حاصل کیے گئے، تاہم اس کے باوجود زمین کی میجرمنٹ کا عمل مکمل نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لینڈ ایکوزیشن کے قانونی طریقہ کار میں زمین کی پیمائش، حد بندی اور ملکیت کی جانچ بنیادی مراحل ہیں، لیکن انہیں اب بھی بتایا جا رہا ہے کہ ہر متاثرہ شخص کا مکمل حساب موجود نہیں۔

متاثرین کے مطابق تاحال ایوارڈ نہیں ہوا، جبکہ دوسری جانب 47 کروڑ 47 لاکھ روپے سے زائد رقم متاثرین کو ادا کی جاچکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاوضوں کی ادائیگی، ایکوائر کی گئی اراضی اور ہر متاثرہ شخص کو ادا کی گئی رقم کا مکمل ریکارڈ منظر عام پر لایا جائے۔

مشران نے کہا کہ مکمل حساب سامنے نہ آنے، میجرمنٹ میں تاخیر اور مختلف معاملات میں تضاد کے باعث متاثرین کے شکوک و شبہات بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر معاوضے کی ادائیگی کا عمل شفاف ہے تو مکمل ریکارڈ سامنے لانے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔

متاثرین نے واضح کیا کہ وہ ترقیاتی منصوبے کے مخالف نہیں اور چاہتے ہیں کہ جبہ ڈیم کا منصوبہ مکمل ہو، تاہم ان کے بقول متاثرین کے حقوق کی حق تلفی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔

تحریک حقوق متاثرین جبہ ڈیم، تپہ مکی خیل اور تپہ مستل خیل نے اعلان کیا کہ اپنے مطالبات کے لیے آئینی و قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے 17 ستمبر کو خیبر ہاؤس پشاور کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کیا جائے گا، جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔

جبہ ڈیم متاثرین کا 17 ستمبر کو خیبر ہاؤس کے سامنے احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان

Shopping Basket