ایبٹ آباد الخدمت فاؤنڈیشن ایبٹ آباد نے 27 لاکھ روپے سے زاہد مالیت کے 34 شادی گفٹ مستحق ،نادار اور یتیم بچیوں میں تقسیم کر دیئے ۔اس حوالے سے ایک منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی جماعت اسلامی صوبہ ہزارہ کے امیر عبدالرزاق عباسی،حلقہ خواتین کی نائب امیر ہزارہ ماریہ آفتاب ،ضلعی صدر الخدمت فاؤنڈیشن ملک تنویر اعوان،فوزیہ جلیل کے علاوہ خواتین ونگ کی عہدیداران بھی موجود تھیں۔تقریب میں مختلف علاقوں سے 34 بچیوں کو شادی گفٹ تقسیم کئے گئے اس موقع پر بچیوں کے والدین بھی موجود تھے ۔عبدالرزاق عباسی کا کہناتھا نکاح کے بعد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مطابق زندگی بسر کرنا بڑی کامیابی ہے ۔ اسلامی اقدار کے مطابق زندگی بسر نہ کرنے کی وجہ سے معاشرہ میں مسائل کے انبار ہیں۔ خاندان ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔عدالتوں میں مقدمات کی بھرمار ہے ۔انہوں نے کہا کہ زندگی قرآن وسنت کے مطابق بسر کریں خاوند،بیوی ، ساس اور سسر کے حقوق کا پتہ ہونا چائیے۔اگر ان پر عمل کریں تو گھر جنت بن جاتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ قرآن کریم ،حدیث اور سیرت کا مطالعہ کریں۔آداب ذندگی کی کتب کا مطالعہ کریں تو اس سے گھروں میں سکون آئے گا ۔اگر کسی کی کامیابی کو دیکھیں تو اس کے پیچھے ایک عورت کا کردار ہوتا ہے۔شرعی طور پر زندگی بسر کریں تو آنے والی نسل نیک ہوگی۔عبدالرزاق عباسی کا کہناتھا آج جدید ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے خاندان تباہ ہو رہے ہیں۔پہلے مائیں کلمہ کی لوری سناتی تھیں آج بچے موبائل اور ٹک ٹاک پر بہلائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ساتھ دینا کامیاب ازدواجی زندگی کا راز ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر ملک تنویر اعوان کا کہناتھا ہیڈ آفس کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہزارہ ڈویژن میں یتیم بچیوں کے لئے شادی گفٹ بھیجے۔انہوں نے ڈونرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔


