Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, July 31, 2026

خیبرپختونخواراؤنڈاَپ

وصال محمدخان
صوبائی حکومت کوایک بارپھربانی کی رہائی کیلئے تحریک کادورہ،علیمہ خان بھی صوبے میں سرگرم
خیبرپختونخواکی حکمران جماعت کوایک بارپھربانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے تحریک چلانے کادورہ پڑچکاہے۔ گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پارٹی قائدین کاایک اجلاس منعقدہواجس میں فیصلہ کیاگیاکہ 5اگست کوپشاورکے واحد بین الاقوامی کرکٹ سٹیڈیم میں جلسہ منعقدکیاجائیگا۔ گزشتہ ہفتے انہی صفحات پرعرض کیاگیاتھاکہ ”سٹیڈیم میں جلسہ ایک توگراؤنڈکیلئے نقصان دہ ہوگادوسرے 20ہزار افراد والی گنجائش کے سٹیڈیم کوبھرنابھی خاصامشکل ہوگااسلئے قوی امکان ہے کہ سٹیڈیم میں جلسے والے فیصلے سے یوٹرن لیاجائے“۔بالکل ایسا ہی ہواایک اور اجلا س میں یہ جلسہ پشاور موٹروے ٹول پلازا کے مقام پرمنعقدکرنے کااعلان سامنے آیا۔پارٹی اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے اقدامات پرتحفظا ت کااظہارکیااور انہیں کڑی تنقیدکانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ممبران کو ان کا جائز مقام نہیں دیاجارہا، مسلسل نظراندازکیاجارہاہے،بندکمروں کے فیصلے مسلط کئے جارہے ہیں اور وزیراعلیٰ اپنے کچن کیبنٹ کے علاوہ کسی کومشورے کے قابل نہیں سمجھتے۔اپوزیشن کی جانب سے عمران خان رہائی کیلئے پشاورمیں جلسے کوتنقیدکانشانہ بناتے ہوئے کہاجارہاہے کہ عمران خان راولپنڈ ی میں قیدہیں جبکہ صوبائی حکومت انکی رہائی کیلئے پشاورمیں جلسہ کررہی ہے۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پشاورجلسے کی کامیابی کیلئے خاصے پرامید ہیں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کاکہناتھا نوجوانوں کیلئے اس لیڈرکی پہچان ضروری ہے جو ملک کو موجودہ بحران سے نکال سکتا ہے روزگار،معاشی استحکام اورترقی کی راہ پرگامزن کرسکتاہے،بانی اڈیالہ جیل میں ہیں مگرعوام کی حقوق کیلئے جدوجہدجاری رکھے ہوئے ہیں،قوم انہیں تنہانہیں چھوڑے گی،پانچ اگست کاجلسہ سیمی فائنل ہے اس میں اگلے لائحہء عمل کا اعلان کیاجائیگا،ملک کامستقبل عوام کے ہاتھ میں ہے،،قوم کواپنے مستقبل کیلئے آج فیصلہ کرناہوگا،میں کارکنو ں،نوجوانوں اورعوام سے جلسے میں بھرپورشرکت کی اپیل کرتاہوں۔انہوں نے ملکی معیشت پراظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ75برسوں میں پاکستان کاقرضہ 43ہزارارب روپے تھاجو موجودہ دور میں بڑھ کر 97ہزارارب روپے ہوچکاہے،جبکہ بیرونی قرضہ 36ہزارارب ہے،ڈالر کی قدرمصنوعی طورپرمستحکم رکھی گئی ہے،اگردوست ممالک قرض واپسی کاتقاضا کریں توڈالر400روپے سے تجاوزکرسکتاہے جس کے نتیجے میں قرضوں کابوجھ مزید بڑھ جائیگا۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اپنے فرائض منصبی پرتوجہ دینے کی بجائے وفاق کے اپوزیشن لیڈرکاکرداراداکررہے ہیں انکے پیش کردہ اعدادوشماراگر اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی کے فلورپرپیش کرتے تویقیناًاسے سراہاجاتا۔خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ کو پشاورمیں صوبے کے قرضوں کی فکرہونی چاہئے کہ یہ 1ہزار ارب روپے تک کیونکرپہنچ رہے ہیں۔انہوں نے عمران خان دورکومعاشی کامیابی اورروزگارکی فراوانی کا دوربھی قراردیامگرعمران دورمیں لئے گئے قرضے بھول گئے۔پاکستان کی معیشت قرضوں اوردوست ممالک کے تعاون سے چل رہی ہے جوپی ٹی آئی دورمیں بھی چل رہی تھی اوراب بھی وہی حال ہے۔

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے گزشتہ ہفتے سے صوبے کے دورے شروع کئے ہیں۔سٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں وہ اب تک تیمرگرہ،ہری پوراورمردان وغیرہ کے دورے کرچکی ہیں۔گزشتہ ہفتے مردان کے دورے میں باب مردان پرمقامی قائدین ایم پی ایزاورپارٹی کارکنوں نے ان کااستقبال کرتے ہوئے پھول نچھاورکئے۔بعدازاں شرکا ریلی کی شکل میں کالج چوک پہنچے جہاں ریلی نے جلسے کی صورت اختیارکرلی۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہاکہ ہم بانی کی رہائی کیلئے مزیدانتظارنہیں کر سکتے، کارکن حکمرانوں کوواضح پیغام دیں کہ جیل میں بند شخص اکیلانہیں بلکہ پوری قوم انکے ساتھ ہے،ہماری تحریک کی اگلی منزل ڈی چوک نہیں اڈیالہ جیل ہوگی،مرے بھائی کی ایک آنکھ متاثرہوچکی ہے،انہیں فوری ہسپتال منتقل کیاجائے،ہمارامطالبہ محض ایک قیدی کوانسانی حقوق کی فراہمی ہے۔جلسے سے سینیٹر ذیشان خانزادہ،وزیرمال طارق آریانی،اراکین صوبائی اسمبلی ظاہرشاہ طورو،عبدالسلام اوردیگرنے بھی خطاب کیاجبکہ مردان سے تعلق رکھنے والے ایم این ایزعاطف خان اورعلی محمدخان اس سرگرمی سے غائب رہے۔علیمہ خان نے کم تعداد میں شرکااورارکان اسمبلی کی غیر موجودگی پرناراضگی کااظہاربھی کیا۔

جے یوآئی ف اورپی ٹی آئی کے درمیان تعاون کی راہیں کھل رہی ہیں،مل کرچلنے پراتفاق
مولانافضل الرحمان کی جانب سے فوج اورشہداکے خلاف بیان بازی اوردوہفتے تک سیاسی ماحول پرگرماگرمی چھائی رہی مگراس ہفتے یہ خبر گردش میں ہے کہ پی ٹی آئی اورجے یوآئی کے درمیان تعاون اوراتحادکے حوالے سے معاملات طے ہورہے ہیں۔پہلے مرحلے میں دونو ں جماعتیں قومی اسمبلی میں مل کرچلنے پراتفاق کرچکی ہیں جس کے تحت وفاقی حکومت کوٹف ٹائم دیاجائیگاجبکہ اتحادوتعاون میں توسیع خارج ازامکان نہیں۔ابھی کسی جماعت نے تصدیق یاتردیدنہیں کی مگربعض ذرائع کادعویٰ ہے کہ مولانافضل الرحمان کوقومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف کاعہدہ دیاجاسکتاہے۔جے یوآئی اوراے این پی کے درمیان بھی ضلع پشاورکی سطح پرایک رابطہ ہواہے جس میں دونوں جماعتوں نے حکومت سے بلدیاتی انتخابات منعقدکرنے کامطالبہ کیاہے۔

بلدیاتی انتخابات نئی قانون سازی اورحلقہ بندی کے سبب تاخیرکاشکار،اگلے سال متوقع

ضلعی تنظیموں کے مابین ملاقات میں دونوں جماعتوں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے عدم انعقادپرتشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاگیاہے کہ عوام کے روزمرہ مسائل،ترقیاتی منصوبوں کی سست روی اورنچلی سطح پر اختیارات کی عدم منتقلی کی بنیادی وجہ بلدیاتی اداروں کی غیرفعالیت ہے۔مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ عوام کودہلیزپرسہولیات کی فرا ہمی کیلئے بلدیاتی انتخابات کافوری انعقادناگزیرہے۔بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جونئی قانون سازی ہوئی ہے اس کے مطابق پہلے جو ویلیج اورنائبرہوڈکونسلزکیلئے دس بارہ ہزارکی آبادی رکھی گئی تھی اب یہ آبادی 30سے40ہزارکردی گئی ہے جس کیلئے نئی حلقہ بندیاں ناگزیر ہوچکی ہیں۔الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کیلئے جوشیڈول جاری کیاہے اسکے مطابق ویلیج اورنائبرہوڈکونسلزکی ابتدائی فہرست29اگست تک شائع کی جائیگی جن پراعتراضات31اگست سے18ستمبرتک جمع کروائی جاسکیں گی، اعتراضات پرفیصلے5اکتوبرتک کئے جائینگے، جبکہ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 17اکتوبرکوجاری ہو گی۔اس طرح بلدیاتی انتخابات روں برس کے آخریااگلے سال کے اوائل میں منعقد ہوسکیں گے۔بلدیاتی اداروں کے سابق نمائندوں نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ مقامی حکومتوں کادورانیہ ختم ہوئے120دن سے زائد گزرچکے ہیں اسلئے حکومت نئے انتخابات کااعلان کرے تاکہ عوام کے مسائل حل ہوں۔لوکل کونسلزایسوسی ایشن نے حکومت کو مل بیٹھ کر ایک ایسامضبوط،مستحکم اورفعال مقامی حکومتوں کانظام ترتیب دینے کی دعوت دی ہے جس سے عوام کوگھرکی دہلیزپرسماجی ومیونسپل خدمات کی فراہمی سمیت روزمرہ کے مسائل حل ہوسکیں۔

حکومت کی جانب سے فلورملزکو2ہزارٹن یومیہ گندم فراہمی کافیصلہ،20کلوآٹے کی قیمت2520مقرر
خیبرپختونخواحکومت نے فعال فلوملزکویومیہ2ہزارمیٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کافیصلہ کیاہے۔محکمہ خوراک اعلامیہ کے مطابق تمام فلورملز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سی سی ٹی وی کیمرے فعال کرکے ایک ماہ کاریکارڈمحفوظ رکھاکریں۔سرکاری آٹے کی فراہمی کے بعدحکومت نے آٹے کی قیمت 2520روپے فی 20کلومقررکی ہے۔حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سرکاری گندم سے تیارکردہ آٹے کی معیار پر نظر رکھیں اورکسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ حکام کوآگاہ کیاجائے۔

پشاورکرکٹ سٹیڈیم پی سی بی کوسونپنے کافیصلہ،معاملات طے ہورہے ہیں
صوبائی حکومت نے پشاورکے واحد بین الاقوامی کرکٹ سٹیڈیم (سابقہ ارباب نیازحالیہ عمران خان سٹیڈیم)کوپی سی بی کے حوالے کرنے پر آمادگی ظاہرکردی ہے۔اس سلسلے میں پی سی بی اور حکومت کے درمیان معاملات طے ہورہے ہیں۔

سوات اورہنگومیں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن،18دہشتگردہلاک، 11شہری اورپولیس اہلکارشہید
سوات اورہنگومیں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے دوران ڈی ایس پی دیارخان،پولیس اہلکاروں اورویلیج ڈیفنس کمیٹی کے4 اہلکاروں سمیت 11افرادشہیدجبکہ8زخمی ہوگئے۔آپریشن کے دوران18دہشتگردوں کوہلاک کیاگیا۔

وائس آف کے پی اور اسکی پالیسی کا لکھاری کی رائے سے متفق ہوناضروری نہیں ہے۔

خیبرپختونخواراؤنڈاَپ

Shopping Basket