کوہاٹ: محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے گرینڈ جرگہ

محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انتشار پھیلانے والے ملک دشمن عناصر کے مزموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے قانون نافذ کرنیوالے ادارے اور صوبے کی عوام ایک پیج پر ہے۔پولیس امن کی ضامن بن کر کسی بھی درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت چوکس اورپوری طرح تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری ندیم اسلم چودھری اور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان گنڈاپور نے عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے کوہاٹ ڈویژن میں اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اپنے دورے کے موقع پر کمشنر ہاؤس میں شیعہ سنی مسالک کے عمائدین کے گرینڈ جرگہ سے خطاب اور پولیس و سول انتظامیہ اور عسکری حکام کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی مشترکہ صدارت کرتے ہوئے کیا۔

مشترکہ امن جرگے سے جی او سی نائن ڈویژن ذوالفقار علی بھٹی، کمشنر کوہاٹ ڈویژن عابد خان، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر،کوہاٹ ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، مقامی عمائدین اور علمائے کرام نے بھی خطاب کرتے ہوئے قیام امن میں اپنا کردار ادا کرنے کا اعلان کیا۔گرینڈ امن جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی پی خیبر پختونخوا نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن کی فضاء کو پروان چڑھانے اور بدامنی کاراستہ روکنے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ یقین ہے کہ کوئی ناخوشگور واقعہ پیش نہیں آئے گا۔مذہبی رواداری اور بھائی چارے کو قائم رکھنے اور انتشار و نفرت پھیلانے والے عناصر کی سرکوبی کیلئے تمام متعلقہ ادارے بھر پور کردار ادا کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی پرامن فضاء میں رخنہ اندازی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور انتشاار پھیلانے والوں کا تعلق خواہ کسی بھی مسلک سے ہو انکے خلاف بھر پور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صرف محرم کا مہینہ نہیں بلکہ پورا سال امن ہونا چاہئیے۔ تمام مسالک کے علمائے کرام اور اکابرین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے اتفاق کا فارمولا طے کرلیا گیا ہے تاکہ اتحاد بین المسلمین کو مزید فروغ دیاجاسکے۔ خوشی ہے کہ یہاں موجود ہر ایک امن کی بات کرتا ہے اور انکے دل مٹی کے محبت سے لبریز ہیں اور یہاں کے عوام محرم الحرام کے دوران بھی مثالی یکجہتی اور اعلیٰ کردار کا مظاہرہ کرینگے۔کوہاٹ کے دورے کے موقع پر کمشنر آفس میں محرم الحرام کی سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ شیر اکبر خان اور کمشنر کوہاٹ ڈویژن عابد خان نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چودھری اور پولیس سربراہ اختر حیات خان کو عشرہ محرم الحرام کے سلسلے میں ڈویژن بھر میں اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

چیف سیکرٹری اور آئی جی پی کو بتایا گیا کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور انتظامی محکموں نے ملکر ریجن کے حساس اضلاع کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی اور ضلع کرم میں منفرد اور جامع سیکیورٹی پلان تشکیل دے دئیے ہیں اور اس سلسلے میں جملہ مسالک کے اکابرین کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔انہیں بتایا گیا کہ اضلاع کی جغرافیائی حدود کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مجالس اور جلوسوں کے تحفظ کیلئے پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے اور سیکیورٹی امور میں فوج کی معاونت بھی حاصل کرلی گئی ہے جو سٹینڈ بائی رہے گی۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket