Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Sunday, May 3, 2026

اے ڈی پی 2026-27: صحت، زراعت اور نوجوانوں کے لیے بڑے منصوبے زیر غور

پشاور: سہیل آفریدی کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) 2026-27 سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صحت، زراعت، کھیل و امور نوجوانان اور ریلیف کے شعبوں میں نئے مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے کینسر کے غریب مریضوں کے لیے مفت ادویات کی فراہمی کے مکمل شدہ منصوبے کو دوبارہ شروع کرنے اور اسے صوبہ بھر تک توسیع دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے لیے فنڈز کی فراہمی یقینی بنانے اور اس حوالے سے وفاقی حکومت کو خطوط لکھنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے بڑے شہروں میں واٹر ٹیبل بہتر بنانے کے لیے رین اور فلڈ واٹر ہارویسٹنگ منصوبوں کی تیاری کی ہدایت دیتے ہوئے محکمہ زراعت سے گندم اور دیگر غذائی اجناس میں خود کفالت کے لیے جامع پلان طلب کر لیا۔ انہوں نے کسانوں کو زرعی مشینری کی فراہمی، 22 چھوٹے ڈیموں کے کمانڈ ایریاز کی ترقی، زرعی گریجویٹس کو بلاسود قرضوں اور طلبہ کو اسکالرشپس دینے کی تجاویز پر بھی غور کیا۔

اجلاس میں صحت کے شعبے میں خان انسٹیٹیوٹ آف آرگن ٹرانسپلانٹ، پشاور میں ہیلتھ سٹی اور جنرل اسپتال کے قیام، ملاکنڈ اور کوہاٹ میں میڈیکل کمپلیکسز، جبکہ پانچ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بریسٹ کینسر اسکریننگ سینٹرز کے قیام کی تجاویز پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ مختلف بی ایچ یوز، آر ایچ سیز اور کیٹگری ڈی اسپتالوں کی اپگریڈیشن اور ریویمپنگ کے ساتھ ساتھ اسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہے۔ مردان میں آنکالوجی سنٹر، برن اور کڈنی سنٹر جبکہ صوابی میں کلینیکل ٹاور کے قیام کی تجویز بھی زیر غور آئی۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ اسپیشل بچوں کے لیے بڑے سپورٹس کمپلیکسز میں علیحدہ سہولیات قائم کی جائیں اور صوبائی یوتھ پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کے لیے نئی اسکیمیں تیار کی جائیں۔ مختلف اضلاع میں جوان مراکز، تحصیل سطح پر سپورٹس گراؤنڈز، جبکہ ساؤتھ وزیرستان اپر، مہمند، چترال اور بٹگرام میں سپورٹس کمپلیکسز کے قیام کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

ریلیف کے شعبے میں ریسکیو 1122 کے باقی ماندہ تحصیلوں میں سب اسٹیشنز کے قیام، گنجان آباد علاقوں میں ریسکیو پوائنٹس اور موبائل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام کی تجاویز شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ نوجوانوں، غریب اور متوسط طبقے کی فلاح کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیا جائے گا، جبکہ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ان شعبوں میں قابلِ عمل اور مؤثر منصوبے جلد از جلد پیش کریں۔

اے ڈی پی 2026-27: صحت، زراعت اور نوجوانوں کے لیے بڑے منصوبے زیر غور

Shopping Basket