Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, November 2, 2026

پشاور: تجاوزات کے مستقل خاتمے اور صفائی مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ

کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیر صدارت اجلاس میں تجاوزات کے مستقل خاتمے اور صفائی مہم کو مؤثر بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ اور بھرپور اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر، چیف ایگزیکٹو ڈبلیو ایس ایس پی قرۃ العین وزیر، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر، کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران اور تمام تحصیلوں کے ٹی ایم اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے تجاوزات کے خاتمے اور صفائی مہم کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔ افسران ڈیوٹی اوقات سے بڑھ کر فیلڈ میں موجود رہیں گے اور مہم کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے۔ کمشنر پشاور نے دونوں مہمات کی یومیہ رپورٹ طلب کرتے ہوئے انتظامی افسران کو روزانہ مختلف اوقات میں متعلقہ علاقوں کے دورے کرنے اور زیادہ سے زیادہ وقت فیلڈ میں گزارنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پشاور کو تجاوزات اور گندگی سے پاک کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں عوامی تعاون حاصل کرنے اور میڈیا و علمائے کرام کے ذریعے صفائی اور تجاوزات سے اجتناب کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر پشاور نے واضح کیا کہ تجاوزات کا مستقل خاتمہ اور صفائی مہم کی کامیابی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے تمام اداروں کو باہمی تعاون اور مسلسل نگرانی کے ذریعے مطلوبہ نتائج یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

پشاور: تجاوزات کے مستقل خاتمے اور صفائی مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ

Shopping Basket