قومی اقلیتی دن کے موقع پر گورنر ہاؤس پشاور میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی تھے۔ تقریب کا اہتمام پاکستان پیپلز پارٹی کے اقلیتی ونگ کے زیرِ اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں اقلیتی رکن قومی اسمبلی جیمز اقبال، اراکین صوبائی اسمبلی بہاری لال، گرپال سنگھ، عسکر پرویز، سریش کمار اور پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے رہنما یوسف جارج اور دیگر نے شرکت کی۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے 11 اگست کو قومی اقلیتی دن قرار دینا ایک تاریخ ساز فیصلہ تھا، جس سے اقلیتی برادریوں کو اپنائیت اور برابری کا واضح پیغام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بطور گورنر انہوں نے اقلیتی برادری کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھول رکھے ہیں۔ صوبے کی ترقی اور مشکل حالات میں اقلیتی برادری کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ 1973 کے آئین میں اقلیتی برادریوں کے حقوق اور تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے۔ اقلیتوں کی عبادت گاہوں، جان و مال اور بنیادی حقوق کا تحفظ بحیثیت قوم ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اقلیتی برادری کے لیے ہر وقت حاضر ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے ایڈورڈز کالج کے حوالے سے کہا کہ یہ ادارہ صوبے کی پہچان اور تاریخی ورثہ تھا، جسے ذاتی مفادات کی خاطر سازش کے ذریعے تباہ کیا گیا۔ انہوں نے اراکین صوبائی اسمبلی پر زور دیا کہ وہ ایڈورڈز کالج کے معاملے میں اپنا کردار ادا کریں۔ تقریب سے اقلیتی رکن قومی اسمبلی جیمز اقبال، اراکین صوبائی اسمبلی بہاری لال، گورپال سنگھ، عسکر پرویز، سریش کمار اور پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے رہنما یوسف جارج نے بھی خطاب کیا۔ اقلیتی اراکین اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی ریاست، اداروں اور مسلح افواج نے ہمیشہ اقلیتی برادریوں کو تحفظ فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم بھارت میں اقلیتوں کی صورتحال دیکھتے ہیں تو ہمیں پاکستانی ریاست پر فخر ہوتا ہے، جہاں اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ناخوشگوار واقعات ضرور پیش آتے ہیں تاہم ان کے سدباب کے لیے ریاست نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔ اقلیتی اراکین اسمبلی نے اقلیتی برادری کے ساتھ بھرپور تعاون، حوصلہ افزائی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات پر گورنر فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہمارے لیے صرف گورنر ہاؤس کے دروازے ہی نہیں بلکہ اپنے دل کے دروازے بھی کھولے ہیں۔ تقریب کے دوران ملی نغمے بھی پیش کیے گئے جبکہ مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔


