Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, June 29, 2026

پشاور میں ٹیک بال چیلنجر کپ 2026 کا آغاز

پشاور: خیبرپختونخوا ٹیک بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا اور پاکستان ٹیک بال فیڈریشن کے تعاون سے ٹیک بال چیلنجر کپ 2026 کا باقاعدہ آغاز نیشنل ٹیک بال اکیڈمی، پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں ہو گیا۔

افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور اور بنوں ڈویژن ٹیک بال ایسوسی ایشن کے صدر اصغر سورانی تھے، جنہوں نے فیتہ کاٹ کر چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا ٹیک بال ایسوسی ایشن کے نائب صدور شفیق احمد اور اختر رسول سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

چیمپئن شپ میں پروفیشنل سنگلز، امیچور سنگلز اور ویمنز سنگلز کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ امیچور کیٹیگری میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی شریک ہیں، جبکہ پروفیشنل کیٹیگری میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر رینکنگ رکھنے والے ممتاز کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹیک بال کے بانی میاں ابصار علی نے کہا کہ پشاور، خیبر، بنوں، سوات، مردان، کوہاٹ، چترال اور صوابی سے کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت اس کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ٹیلنٹ مستقبل میں پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی کو مزید مضبوط بنائے گا۔

افتتاحی روز پروفیشنل سنگلز کے مقابلوں میں حسان (پشاور) نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ضیاء (مردان) کو 2-1 سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ دیگر میچز میں بلال (خیبر) نے احمد (پشاور) جبکہ قیصر (کوہاٹ) نے نبیل (بنوں) کو شکست دی۔ ویمنز سنگلز میں صفا نے صدف اور ربیکا نے ندا کو ہرا کر اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی۔

منتظمین کے مطابق یہ چیمپئن شپ آئندہ بین الاقوامی مقابلوں، جن میں ایشین گیمز جاپان 2026، چھٹے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز ریاض 2026 اور ٹیک بال ورلڈ چیمپئن شپ 2026 شامل ہیں، کے لیے قومی ٹیم کی تیاری اور نئے ٹیلنٹ کے انتخاب میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اس موقع پر شفیق احمد نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے One Life Beverages Pakistan کا بھی شکریہ ادا کیا، جو چیمپئن شپ کا آفیشل ریفریشمنٹ پارٹنر ہے۔

پشاور میں ٹیک بال چیلنجر کپ 2026 کا آغاز

Shopping Basket