ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کے کانفرنس روم میں کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چوتھے بورڈ کا گیارہواں اجلاس چیئرمین جمیل احمد کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ ثقافت، سیاحت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر سعادت حسن اور کمشنر ہزارہ شاہد اللہ خان نے آن لائن شرکت کی، جبکہ بورڈ ممبران لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایاز سلیم رانا، ڈائریکٹر جنرل کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی رحمت علی، ڈپٹی ڈائریکٹر اکاؤنٹس سہیل خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل ظہور احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اسد شہزاد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آرکیٹیکچر نعمان شہزاد، ڈی ایف او فاریسٹ کاغان ڈویژن ابرار خان، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور اربن پالیسی یونٹ کے نمائندگان، پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور نیسپاک کے کنسلٹنٹس بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں کاغان، ناران اور بٹہ کنڈی کے مجوزہ ماسٹر پلان پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء کو ماسٹر پلان کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی جس میں ایکو ٹورازم، پائیدار سیاحت، قدرتی ماحول کے تحفظ، ٹریفک مینجمنٹ، ویسٹ مینجمنٹ اور جدید سیاحتی سہولیات کی فراہمی سے متعلق اہم تجاویز پیش کی گئیں۔ نیسپاک کے کنسلٹنٹس نے کیمپنگ گراؤنڈز میں ایکو ٹورازم کے فروغ، پائیدار ترقی اور جامع سہولیات کی فراہمی پر خصوصی بریفنگ دی۔اجلاس میں موجودہ صورتحال کے تناظر میں ایمرجنسی حالات کے دوران کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی امدادی سرگرمیوں اور مالی سال 2026-27 کے بجٹ پر بھی تفصیلی بحث کی گئی۔چیئرمین جمیل احمد نے ہدایت کی کہ ماسٹر پلان کی تیاری میں مقامی آبادی کی ضروریات، ماحولیاتی تحفظ، مستقبل کی سیاحتی ضروریات اور مجوزہ موٹر وے کے روٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع، مربوط اور قابلِ عمل حکمت عملی ترتیب دی جائے تاکہ وادی کاغان کی قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھتے ہوئے سیاحت کو منظم اور پائیدار بنیادوں پر فروغ دیا جا سکے۔اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماسٹر پلان کی تکمیل سے وادی کاغان میں سیاحوں کو جدید سہولیات کی فراہمی، ٹریفک مسائل کے حل، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں نمایاں مدد ملے گی۔


