Khyber Pakhtunkhwa Governor's participation in Agricultural University Peshawar event

گورنر خیبر پختونخوا سے برطانیہ کے نمائندہ وفد کی گورنر ہاؤس میں ملاقات

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے سمندرپاربزنس فورم برطانیہ کے نمائندہ وفد کی گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ چیئرمین محمد فاروق خان کی قیادت میں وفد نے گورنر کو فورم کے زیراہتمام برطانیہ سمیت دیگرممالک میں پاکستانی مصنوعات و کاروبار کو فروغ دینے سے متعلق خدمات سے آگاہ کیا۔ وفد نے گورنر کو بتایا کہ پنجاب اور سندھ کے مقابلے میں خیبر پختونخوا سے ایکسپورٹ بالکل نہ ہونے کے برابر ہے۔ برطانیہ سمیت تمام یورپین ممالک میں خیبر پختونخوا کی کاروباری نمائش کیلئے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے کاروبار کو عالمی دنیا میں متعارف کرانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ صوبہ میں سیاحتی شعبہ کی ترقی کیلئے متعلقہ درکار معاملات کو سہل بنانا ہو گا۔ بدقسمتی سے امن و امان کی ناقص صورتحال نے صوبہ کی انڈسٹری و کاروبار کو شدید متاثر کیا۔

women university swabi

ویمن یونیورسٹی صوابی میں پہلے میڈیا اسٹوڈیو کا افتتاح

صوابی: ویمن یونیورسٹی صوابی میں ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز اینڈ پبلیکیشنز اور شعبہ صحافت کے باہمی تعاون سے قائم کیے گئے پہلے میڈیا اسٹوڈیو کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں سید نے کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی مثبت کوریج اسے دیگر اداروں سے ممتاز بناتی ہے، اور طالبات اس عمل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ موجودہ دور میں ترقی کی معراج کو وہی قومیں پہنچتی ہیں جو میڈیا کو مثبت اور مؤثر انداز میں استعمال کرتی ہیں۔ انہوں نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے ان کا کردار نہایت اہم ہے اور ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ میڈیا کے ذریعے معاشرتی مسائل کو اجاگر کریں اور مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنیں۔

تقریب میں یونیورسٹی کی رجسٹرار ڈاکٹر رئیسہ، انچارج فنانس محمد حسین، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ شفیع اللہ مروت، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد وہاب، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد طیب، ڈپٹی رجسٹرار محمد جبار، اور ایڈیشنل ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز و چیئرمین شعبہ صحافت اے وسیم خٹک نے بھی شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر میاں سید نے مزید کہا کہ ویمن یونیورسٹی صوابی میڈیا کی تعلیم کے میدان میں ایک نئے باب کا آغاز کر رہی ہے، اور یہ میڈیا اسٹوڈیو طالبات کو عملی تربیت فراہم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔ اس اقدام سے نہ صرف طالبات کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ وہ جدید دور کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے بہتر طور پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں گی

کورکمانڈر پشاور کا ایڈورڈز کالج پشاور کے اساتذہ اور طلباء کے ساتھ خصوصی سیشن

کورکمانڈر پشاور لیفیٹننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے ایڈورڈز کالج پشاور کا دورہ کیا اور طلباء و اساتذہ سے خصوصی ملاقات کی۔ کور کمانڈر پشاور نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے تکنیکی تعلیم کے ساتھ ساتھ دور جدید کے تعلیمی تقاضوں کی اہمیت پر زور دیا ۔ کور کمانڈر نے سوشل میڈیا کے درست استعمال کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے فیک نیوز اور پروپیگنڈا کے نقصانات سے طلباء کو آگاہ کیا – سٹوڈنٹس نے کور کمانڈر پشاور سے موجودہ حالات میں سیکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے مختلف سوالات کئے ۔ طلباء اور فیکلٹی ممبرز نے کور کمانڈر پشاور کا ایڈورڈ کالج آنے پے شکریہ ادا کیا اور پاک فوج کی پاکستان کے لئے قربانیوں کو سراہا –

Kurram sectarian clashes

کرم میں خون کی ہولی

ضلع کرم کے حالات ایک بار پھرشدیدخراب ہوئے ہیں بلکہ اس مرتبہ کرم میں خانہ جنگی کی سی صورتحال بن چکی ہے ۔ضلع کرم کے حالات کی خرابی میں مختلف عوامل کارفرمارہے ہیں ایک زمانے میں یہاں شیعہ سنی فرقہ وارانہ فسادات سے سینکڑوں اموات ہوئیں ۔بعدازاں دو قبائل کے درمیان اراضیوں کی حدبراری پرتنازعہ میں خونریزی کاکھیل کھیلاگیازمینوں کی حدبراری اورتنازعات کی شدت فرقہ وارانہ فسادات میں تبدیل ہوگئی اورگزشتہ سے پیوستہ ماہ یہاں ایک بارپھرسوڈیڑھ سوکے قریب افرادلقمہ ء اجل بنے ۔یہاں اکثروبیشتراراضی تنازعہ فرقہ واریت میں تبدیل ہوجاتاہے اور فرقہ واریت خانہ جنگی کی سی صورتحال کوجنم دینے کاباعث بن جاتاہے ۔یہ بدترین صورتحال ایک دودن میں پیدانہیں ہوئی بلکہ یہ کرم کاایک دیرینہ اورحل طلب مسئلہ ہے جسے صوبائی حکومت ہی حل کر نیکی مجازہے مگرجیساکہ یہ بات اظہرمن الشمس ہے اس مرتبہ صوبے میں جوحکومت موجودہے اسکی ترجیحات میں یہ شامل ہی نہیں کہ وہ کسی علاقے میں خونریزی رکوانے کیلئے اپناآئینی کرداراداکرے۔

گزشتہ جمعہ کی شب کوگاڑیوں کے ایک قافلے پرفائرنگ کے نتیجے میں تاحال پچاس افرادجان گنوابیٹھے ہیں جس میں بچے اورخواتین بھی شامل ہیں۔ گاڑیوں پرفائرنگ کے ردعمل میں مسلح افرادنے بگن بازارپرہلہ بول دیااوروہاں تقریباً200دکانات کوآگ لگادی گئی یالوٹ مارکی گئی ۔ان مسلح افرادکے سامنے جوبھی آیاانہوں نے اسے تہہ تیغ کیااورخون کی یہ ہولی دودن تک بلاکسی توقف جاری رہی ۔ اطلاعات کے مطابق تاحال مرنے والوں کی تعداد 100 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 120 کے قریب زخمی بھی ہیں۔

وزیر علیٰ نے خانہ پری کے اندازمیں بیرسٹرسیف اوروزیرقانون آفتاب کی سربراہی میں ایک جرگہ روانہ کیاصوبائی حکومت اورتحریک انصاف کے دوسرے جرگہ مشربیرسٹرسیف نے دعویٰ کیاتھاکہ کرم سے خوشخبری آئیگی ۔ کیا باکمال لوگ اورلاجواب سروس ہے کہ 100جنازے اٹھنے پربھی خوشخبریاں سناتے ہیں۔ بہرحال وزیراعلٰٰ کے پاس چونکہ دھرنوں اوراحتجاجوں سے فرصت نہیں اسلئے بیرسٹرسیف کوجرگہ مشربناکرکرم بھیجاگیاجہاں انکے دعوے کے مطابق فریقین سات روزہ جزوی جنگ بندی پررضامندہوئے ہیں میتیں اورزخمی اٹھانے اورقیدی رہا کر نے پراتفاق ہواہے جرگہ مشرکے مطابق توان کاجرگہ اوردورہ انتہائی کامیاب رہا مگراسکے باوجودکرم سے آنیوالی خبریں خوش کن نہیں وہاں نہ صرف کشیدگی موجودہے بلکہ جانوں کی ضیاع کاعمل بھی جاری ہے۔ گاڑیوں پرفائرنگ کے واقعات میں پچاس افرادجاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ اتنے ہی افرادتصادم کے نتیجے میں بھی جان گنواچکے ہیں گزشتہ پانچ روزمیں سوافراد مارے جاچکے ہیں جبکہ سینکڑوں افرادزخمی ہیں ۔ صوبے کے ایک علاقے میں اجتماعی طورپرشہریوں کی املاک جلادی گئیں ، دکانیں نذرِآتش کی گئیں ،گھروں میں گھس کرخواتین اوربچوں تک کوگولیاں ماری گئیں مگرصوبائی حکومت نے اس آگ کو بجھانے کی بجائے اسے سنجیدگی سے ڈیل نہیں کیا۔

حکومت کی غفلت ،لاپرواہی اور رٹ کی کمزوری کے باعث بڑے پیمانے پرتباہی ہوئی ،جانی اورمالی نقصان ہوا،اس شدیدسردی کے موسم میں پرامن شہریوں کونقل مکانی کے عذاب کاسامناہے مگرصوبائی حکومت اوروزیراعلیٰ اسلام آبادمیں وفاقی حکومت کاتختہ الٹنے اورعمران خان کوزبردستی رہاکروانے میں مصروف ہیں ۔غیرسنجیدگی ،نااہلی اورلاابالی پن کی بھی انتہا ہوتی ہے صوبے کاایک حصہ پانچ دن سے حکومتی کنٹرول میں نہیں وہاں خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے معصوم اورپرامن شہری لقمہء اجل بن رہے ہیں ،علاقہ دنیاسے کٹ چکاہے موبائل اورانٹرنیٹ سروس معطل ہیں، املاک دوکانیں اورگودام جلائے جاچکے ہیں آبادی کے ایک بڑے حصے کوخوراک کی قلت کاسامناہے ۔حکومت کی ذمہ داری تویہ بنتی تھی کہ وزیراعلیٰ جنہیں دودوہیلی کاپٹرزدستیاب ہیں یاتوعلاقے میں پہنچتے ،خیبرکی طرح کوئی جرگہ منعقد کرتے دیگرسیاسی قوتوں کواعتمادمیں لیتے یہاں کی سیاسی قوتیں اختلاف کے باوجود حکومت سے تعاون کیلئے تیاررہتی ہیں خیبرگرینڈ جرگہ بھی اپوزیشن جماعتوں کے تعاون سے منعقد ہواجس سے تصادم اورخونریزی کاخطرہ ٹل گیاتودوسری جانب حکومت اوروزیراعلیٰ نے بھی دادسمیٹی کرم کامسئلہ بھی حکومت اکیلے حل کرنیکی صلاحیت نہیں رکھتی اس کیلئے بھی اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کی ضرورت ہے جس سے یقیناًمسئلے کے دیرپاحل کیلئے تجاویزسامنے آجائینگی۔

صورتحال یہ ہے کہ سیاسی جماعتیں بھی کرم واقعے پرازخودکوئی کرداراداکرنے سے قاصرہیں ۔اے این پی نے پورے صوبے میں احتجاج کیااوریوم سیاہ منایامگردیگرجماعتوں نے محض مذمت اوراظہارِافسوس کے بیانات سے اپنافرض پوراکرلیا۔تما جماعتیں متحرک بھی ہونگیں اورہرجماعت قیام امن کیلئے اپناکرداربھی کرے گی لیکن بشرطیکہ حکومت کی دلچسپی ہو اوراسے اپنی ذمہ داریوں کاحساس ہو ۔جس سے صوبائی حکومت کادامن خالی نظرآرہاہے ۔صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی سے وفاقی حکومت بھی کوئی کرداداداکرنے سے قاصرہے اگر صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہوتی وہ مسئلے پرسنجیدہ توجہ دیتی تویقیناًوفاقی حکومت کوبھی امن ومان کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کرنے میں تامل نہ ہومگرمسئلہ حل کرنے کیلئے پہل صوبائی حکومت نے کرنی ہے صوبائی حکومت کوئی اقدام کریگی تودیگرسیاسی قوتیں ،وفاقی حکومت اورفوج سب اپنااپناتعاون پیش کرینگے مگر اصل ذمہ داری صوبائی حکومت اوروزیراعلیٰ کونبھانی ہوگی جن کیلئے دعاہی کی جاسکتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پہچانیں اورپھرانہیں نبھائیں ۔موجودہ حالات سے تویہی لگ رہاہے کہ سات روزہ جنگ بندی کایہ سکوت عارضی ہے بروقت ،درست اورزوداثر اقدامات نہ لئے گئے توکرم میں خون کی ہولی کھیلنے کاسلسلہ بندہونامشکل ہے۔

وصال محمد خان

The United Arab Emirates has imposed new visa conditions on Pakistanis coming for employment

متحدہ عرب امارات نے روزگار کیلئے آنیوالے پاکستانیوں پر نئی ویزا شرط عائدکردی

متحدہ عرب امارات نے روزگار کیلئے آنیوالے پاکستانیوں پر نئی ویزا شرط عائدکردی. روزگار کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) جانے والے پاکستانیوں کے لیے نئی ویزا شرط عائد کردی گئی ہے۔ یو اے ای کے بیورو آف امیگریشن کے مطابق امارات میں نوکری کا ویزا لینے والوں کو کریکٹر سرٹیفیکٹ درکار ہوگا۔ پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستانیوں کو پولیس کا کریکٹر سرٹیفیکٹ لازمی دکھانا ہوگا۔ پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہےکہ شکایات کے ازالے کے لیے اماراتی حکومت کا اقدام خوش آئند ہے۔ متحدہ عرب امارات مختلف شکایات پر پاکستان کے 30 شہروں سے وزٹ ویزے کی پابندی لگا چکا ہے۔

Karam conflict: Governor orders immediate relief, teams mobilized from Red Crescent and merged districts

کرم تنازعہ: گورنر کا فوری امداد کا حکم، ہلال احمر اور ضم شدہ اضلاع کی ٹیمیں متحرک

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی خصوصی ہدایات پر چیئرمین ہلال احمر ضم اضلاع ایڈوکیٹ عمران وزیر نے پی آر سی ایس کرم ٹیم کی بدولت لوئر کرم سمیر آباد میں متاثرہ 170 خاندانوں میں کھانے کی مختلف اشیاء، صاف پانی کی بوتلیں اور مختلف ادویات فراہم کیں۔ گورنر فیصل کریم کنڈی کے ہدایت پر پوری ٹیم ہائی الرٹ ہے۔ ایمرجنسی رسپانس سروسز اور فری ایمبولینس سروسز بھی ہلال احمر پاکستان ضم اضلاع کی جانب سے دی جارہی ہیں۔

پشاور ہیڈ کوارٹر لوکل ایڈمنسٹریشن، نیشنل ہیڈ کوارٹر اور ضلع کرم ٹیم سمیت گورنر ہاؤس سے مسلسل رابطے میں ہے۔ انٹرنیٹ اور راستوں کی بندش کے باعث ٹیم کو مشکلات کا سامنا ہے۔ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے بھی تاہم جانے کی اجازت نہیں ہے البتہ چیئرمین عمران وزیر کی سربراہی میں پوری ٹیم مکمل طور پر تیار ہے اور اجازت ملتے ہی امدادی سرگرمیوں کو اور بھی تیز کیا جائے گا۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعات اور ضرورت پر ہلال احمر پاکستان ضم اضلاع برانچ پر ٹیلیفون رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

Bannu: Khan Club Miranshah has qualified for the semi-finals of the Governor Gold Cup Football Tournament

بنوں: گورنرگولڈ کپ فٹبال ٹورنمنٹ خان کلب میرانشاہ نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

سپورٹس کمپلیکس بنوں میں جاری گورنرگولڈ کپ فٹ بال ٹورنمنٹ کے تیسرے کواٹرفائنل میں خان کلب میرانشاہ نے کرم فٹ بال کلب بنوں کو ہراکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ میچ کے مہمان خصوصی پاکستان واپڈا ہائیڈرویونین کے زونل چیئرمین پیر اشفاق خان تھے جن کا میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے کے ساتھ تعارف کرایاگیااورگروپ فوٹو گرافی بھی کی گئی اس موقع پرڈی ایف اے بنوں کے صدر خوبان شاہ۔جنرل سیکرٹری اسراربنگش۔نصیب الرحمن۔ٹارگٹ بال انٹرنیشنل فیڈریشن کے عہدیداروضلعی سپورٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد نظام الحق۔ریاض خان۔ضیاء الدین۔حاجی تحسین خان ودیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔دونوں ٹیموں کے مابین کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گول کرنے کیلئے سیک دوسرے کے گول پوسٹ پرکمرتوڑ حملے کئے تاہم خان کلب میرانشاہ کی ٹیم ایک گول کرنے میں کامیاب ہوگئی اورمقررہ وقت کے احتتام پرخان کلب میرانشاہ نے کرم کلب بنوں کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہراکرسیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

Peshawar: An important initiative of the traffic police to maintain the flow of traffic in the city

ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس پشاور کااہم اقدام

شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنےکیلئے سٹی ٹریفک پولیس کا ایک اور اہم اقدام۔ شہر کے مصروف شاہراہوں کی ڈرون کیمرے سے نگرانیکی جائے گی۔ سی ٹی او سعود خان نے ڈرون کیمرے سے ٹریفک نگرانی کے عمل کا جائزہ لیا۔ ڈرون کیمروں سے ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لے کر فوری طور پر متبادل روٹ کی جانب ڈائیورٹ کیا جا سکے گا۔ اسی طرح ٹریفک روانی میں خلل کے وجوہ کی بھی فوری نشاندھی ہو سکے گی۔ سی ٹی او سعود خان نے ڈرون کے استعمال کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے کسی بھی شاہراہ پر ٹریفک کے روانی کو برقرار رکھا جا سکے گا۔ سی ٹی او سعود خان نے واضح کیا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے جدید دور کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں۔