Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, May 7, 2026

خیبرپختونخوا میں 8 سے 10 مئی تک شدید گرمی کی لہر

پشاور: پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے صوبے کے میدانی علاقوں میں 8 سے 10 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر کے پیشِ نظر ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مراسلے کے مطابق اس دوران ڈی آئی خان، ٹانک، بنوں، کرک اور لکی مروت میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

اسی طرح پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ہری پور اور کوہاٹ میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ جنوبی اور وسطی اضلاع میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہیٹ اسٹروک سینٹرز، کولنگ پوائنٹس اور موبائل کولنگ یونٹس قائم کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔ مراسلے میں ہسپتالوں کو طبی عملے اور ضروری سہولیات ہر وقت فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ادارے کے مطابق شدید گرمی کے باعث گرد و غبار اور تیز ہواؤں کا بھی خدشہ ہے، جبکہ خشک موسمی حالات کے نتیجے میں ہیٹ اسٹروک، پانی کی قلت اور آبی ذخائر پر دباؤ بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گرمی کی شدت سے بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بزرگوں اور بچوں کو خاص طور پر صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک براہ راست دھوپ میں جانے سے منع کیا گیا ہے۔

کسانوں کو فصلوں کی کٹائی کے دوران احتیاط برتنے اور مویشیوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو عوامی آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں کو گرمی کی شدت سے متعلق بروقت معلومات فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں 8 سے 10 مئی تک شدید گرمی کی لہر

Shopping Basket