پشاور: امریکی محکمہ خارجہ نے پشاور میں امریکی قونصلیٹ جنرل کی مرحلہ وار بندش کا اعلان کر دیا ہے۔ فیصلے کے تحت خیبر پختونخوا سے متعلق سفارتی امور اب اسلام آباد میں قائم امریکی سفارتخانے کو منتقل کیے جائیں گے۔
ترجمان کے جاری کردہ میڈیا نوٹ کے مطابق یہ اقدام سفارتی عملے کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور وسائل کے مؤثر استعمال کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پشاور میں موجودگی میں تبدیلی کے باوجود پاکستان کے حوالے سے امریکی پالیسی ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ خیبر پختونخوا کے عوام اور حکام کے ساتھ اپنے روابط برقرار رکھے گا، جن کا مقصد معاشی تعاون کو فروغ دینا، علاقائی سلامتی کو مستحکم کرنا اور امریکی مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
ترجمان کے مطابق امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور ملک کے دیگر شہروں کراچی اور لاہور میں قائم سفارتی دفاتر کے ذریعے امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔


