Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, May 6, 2026

غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن

نوشہرہ: ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی سونے کی مائننگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کرتے ہوئے نظام پور اور گردونواح میں وسیع پیمانے پر کارروائیاں کی ہیں، جن کے دوران سینکڑوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 497 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ 500 سے زائد افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ کارروائیوں کے دوران 11 کروڑ 98 لاکھ روپے سے زائد جرمانے بھی وصول کیے گئے۔

حکام کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران 334 سے زائد ہیوی مشینری اور ایک لاکھ 34 ہزار لیٹر سے زائد ڈیزل قبضے میں لے لیا گیا ہے، جو غیر قانونی مائننگ میں استعمال ہو رہا تھا۔

انتظامیہ نے بتایا کہ نظام پور کے علاقوں جبئی، ماندوری، مامازئی اور توحہ میں آپریشنز مزید تیز کر دیے گئے ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر مشترکہ چیک پوسٹیں بھی قائم کر دی گئی ہیں تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر امان اللہ عباسی نے واضح کیا کہ غیر قانونی مائننگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق نظام پور میں مائننگ کے شعبے کو باقاعدہ بنانے کے لیے اسے جلد لیز پر دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس سے مقامی معیشت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔ انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غیر قانونی مائننگ کے مکمل خاتمے تک کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔

غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن

Shopping Basket