پشاور: فیصل کریم کنڈی نے معرکۂ حق کی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ معرکۂ حق نے ثابت کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی وقار کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کی ہر جارحیت کا مؤثر، بروقت اور فیصلہ کن جواب دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، جس نے قومی اتحاد، اعتماد اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے، تاہم کسی بھی جارحیت کا جواب پوری قوت، قومی یکجہتی اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء اور غازیوں کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع میں بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم اپنے محافظوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ملکی دفاع کے لیے ہر سطح پر متحد رہے گی۔


