Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, August 13, 2026

ایبٹ آباد میں یومِ آزادی کے موقع پر میگا شجرکاری مہم کا آغاز

ڈویژنل فاریسٹ آفیسر گلیز فاریسٹ ڈویژن بلال احمد نے کہا ہے کہ یومِ آزادی کے موقع پر ایبٹ آباد میں میگا پلانٹیشن مہم کے تحت ایک لاکھ 56 ہزار پودے لگائے جائیں گے، جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ شجرکاری مہم کے دوران ضلع بھر میں مجموعی طور پر 16 مختلف مقامات پر پودے لگائے جائیں گے، جبکہ اس قومی سرگرمی میں معاشرے کے تمام طبقات کو بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر شجرکاری مہم کا مقصد نہ صرف ملک سے محبت کے جذبے کو اجاگر کرنا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول کی بنیاد رکھنا بھی ہے۔ میگا پلانٹیشن میں طلبہ و طالبات، اساتذہ، صحافیوں، سرکاری ملازمین، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، مدارس کے طلبہ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھرپور حصہ لیں گے۔ڈی ایف او بلال احمد نے بتایا کہ میگا پلانٹیشن کے لیے پھلکوٹ، نملی میرا، کھن کلاں اور سمندر کٹھہ کو مرکزی سائٹس کے طور پر منتخب کیا گیا ہے جبکہ مجموعی طور پر 15 مقامات پر بڑی تعداد میں پودے لگائے جائیں گے۔ ان مقامات میں ایبٹ آباد کی نجی و سرکاری یونیورسٹیاں، کالجز اور سکولز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری کے لیے اس علاقے کے ماحول مطابقت رکھنے والے درختوں جن میں دیودار، چیڑ، املوک اور اخروٹ شامل کا انتخاب کیا گیا ہے۔ بلال احمد نے بتایا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ جنگلات کی جانب سے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں اور مقررہ مقامات پر پودوں کی فراہمی اور شجرکاری کے دیگر امور کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ڈویژنل فاریسٹ آفیسر نے کہا کہ جنگلات اور درخت ہمارے لیے قدرت کا قیمتی اثاثہ ہیں، جو ماحول کو صاف رکھنے، درجہ حرارت میں کمی، بارشوں کے نظام، آبی وسائل کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ موجودہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں جنگلات کا تحفظ اور زیادہ سے زیادہ شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ڈی ایف او بلال احمد نے کہا کہ جنگلات کے تحفظ، شجرکاری کے فروغ اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے تمام تر محکمانہ صلاحیتیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ یومِ آزادی کے موقع پر میگا پلانٹیشن مہم میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے شجرکاری کو قومی ذمہ داری اور مستقل عزم کے طور پر اپنائیں تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ اور صحت مند بنایا جا سکے۔

ایبٹ آباد میں یومِ آزادی کے موقع پر میگا شجرکاری مہم کا آغاز

Shopping Basket