اورکزئی ڈپٹی کمشنر اورکزئی کی ہدایات پر محکمہ کھیل اور جیل انتظامیہ کے اشتراک سے سب جیل اورکزئی میں تین روزہ سپورٹس گالا منعقد کیا گیا، جس میں قیدیوں نے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں بھرپور حصہ لیا۔ سپورٹس گالا کا انعقاد جیل سپرنٹنڈنٹ ابرار داوڑ اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اعوان حسین کی نگرانی میں کیا گیا۔ اس دوران قیدیوں کے درمیان والی بال، بیڈمنٹن، تیر اندازی، تاش اور دیگر انڈور کھیلوں کے مقابلے ہوئے، جن میں شرکا نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ ابرار داوڑ نے کہا کہ سپورٹس گالا کے انعقاد کا مقصد قیدیوں کو ذہنی دباؤ سے نجات دلانے، ان میں نظم و ضبط، برداشت اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں قیدیوں کی جسمانی و ذہنی صحت بہتر بنانے اور ان کی اصلاح میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اعوان حسین نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں سے قیدیوں میں کھیلوں کا شوق پیدا کرنے اور جیل میں صحت مند ماحول کو فروغ دینے میں مدد ملتی ہے۔ تین روزہ سپورٹس گالا کے اختتام پر مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے قیدیوں میں ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ منتظمین کے مطابق اس اقدام کا مقصد جیلوں کو محض قید کی جگہ کے بجائے اصلاح اور مثبت تبدیلی کے مراکز کے طور پر فروغ دینا ہے۔


