اپر چترال کے ہیڈکوارٹر بونی کے تاریخی گہلی گراؤنڈ میں کرکٹ ایسوسی ایشن اپر چترال کے زیرِ انتظام کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل میچ قشقار کرکٹ ٹیم اور ایس ایس جی موڑکھو کرکٹ ٹیم کے درمیان کھیلا گیا، جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایس ایس جی موڑکھو نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
یہ ٹورنامنٹ اپر چترال میں کرکٹ ایسوسی ایشن کے قیام کے بعد منعقد ہونے والا پہلا باقاعدہ کرکٹ ٹورنامنٹ تھا، جو کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ شائقینِ کرکٹ نے اس اقدام کو اپر چترال میں کرکٹ کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
کرکٹ ایسوسی ایشن اپر چترال کے قیام کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں علاقے میں کرکٹ کے فروغ، ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو منظم انداز میں آگے بڑھانے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔

ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں ایسوسی ایشن کے صدر غلام مجتبیٰ لال، سرپرست اعلیٰ یعقوب لال سینئر نائب صدر شاید اللہ، جنرل سیکرٹری اظہر اور نائب صدر حسین زارین سمیت دیگر عہدیداروں نے بھرپور کردار ادا کیا۔
فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر اپر چترال عمران خان تھے، جنہوں نے کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ایسوسی ایشن کے صدر غلام مجتبیٰ لال اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر صدر کرکٹ ایسوسی ایشن غلام مجتبیٰ لال نے علاقے کی مختلف کرکٹ ٹیموں کی رجسٹریشن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ خصوصاً ڈپٹی کمشنر اپر چترال کا تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔
اپر چترال میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اس کامیاب ٹورنامنٹ کو ایک مثبت آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔


