نوجوان طالبات کے لیے خیبر پختونخوا رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن کی اہمیت پر پشاور میں اگاہی سیشن کا انعقادکیا گیا۔ آج پشاور کے مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں کی نوجوان طالبات کے لیے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں خیبر پختونخوا رائٹ ٹو پبلک سروسز (RTPS) کمیشن کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا۔ یہ سیشن خیبر پختونخوا رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن کے پشاور ضلع کے ایمبیسڈر، جناب قمر نسیم کی زیر قیادت منعقد ہوا، جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ اس سیشن میں RTS کمیشن کے وژن اور مشن پر روشنی ڈالی گئی اور اس کی شفافیت، مؤثریت، کارکردگی اور جوابدہی کے ذریعے گڈ گورننس کو فروغ دینے کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔ خیبر پختونخوا رائٹ ٹو پبلک سروسز ایکٹ 2014 کے تحت قائم ہونے والا یہ کمیشن شہریوں کو بنیادی عوامی خدمات تک بروقت رسائی فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ اس کا مقصد سرکاری اہلکاروں کو جوابدہ بنانا ہے اور تاخیر، انکار یا خدمات کی فراہمی میں کسی کمی کے لیے جرمانہ عائد کرنا ہے۔
سیشن سے خطاب کرتے ہوئے جناب قمر نسیم نے خیبر پختونخوا میں عوامی خدمت کی فراہمی کو بہتر بنانے میں RTPS کمیشن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا، “رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن ایک انقلابی اقدام ہے جو خاص طور پر ان شہریوں کو بااختیار بنا رہا ہے جنہوں نے طویل عرصے سے بنیادی سہولیات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ اس کمیشن کے ذریعے اب عوام کو خدمات تک مؤثر اور شفاف رسائی کا موقع مل رہا ہے۔ یہ عوام کو گورننس کا محور بنانے اور اداروں کو جوابدہ بنانے کے بارے میں ہے۔” شرکاء کو ار ٹی ایس کمیشن کے ذریعے شکایات درج کروانے اور خدمات کے مقررہ وقت میں فراہمی نہ ہونے کی صورت میں معاضہ حاصل کرنے کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔ یہ کمیشن ان تمام شہریوں خصوصاً محروم طبقات کے لیے ایک اہم ذریعہ ثابت ہو رہا ہے۔ پشاور یونیورسٹی کی طالبہ، لائبہ یوسفزئی نے نوجوانوں اور خواتین کے لیے کمیشن کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، “رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن نوجوانوں، خاص طور پر خواتین اور لڑکیوں کے لیے نہایت قیمتی ہے جو اکثر بنیادی خدمات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرتی ہیں۔ یہ پلیٹ فارم ہمیں شفافیت اور جوابدہی کا مطالبہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ ہر فرد کو اس کی خدمات بغیر کسی تفریق کے فراہم کی جائیں۔” سیشن کا مقصد کمیشن کی خدمات کو مزید سمجھانا اور عوام کو اس کا استعمال کرتے ہوئے عوامی خدمات تک رسائی میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔ طالبات نے اس بات پر زور دیا کہ کمیشن کے بارے میں آگاہی بڑھانا عوام کو سرکاری اداروں کو جوابدہ بنانے اور خیبر پختونخوا میں گڈ گورننس کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے