پشاور: قلعہ بالا حصار میں واقع ہیڈکوارٹر فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا (نارتھ) میں تیراہ میدان کے منتخب جرگہ ممبران کے ساتھ اہم خیبر جرگہ منعقد ہوا، جس میں قبائلی عمائدین، سرکاری حکام اور سیکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
جرگے میں تیراہ میدان کی 24 رکنی کمیٹی کے اراکین اور مختلف قبائلی مشران شریک ہوئے، جبکہ اجلاس میں چیف سیکرٹری، خیبرپختونخوا پولیس کے آئی جی، آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا (نارتھ)، کمشنر پشاور ڈویژن، سی سی پی او پشاور، ڈپٹی کمشنر خیبر اور ڈی پی او خیبر سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
جرگے کے دوران تیراہ میدان کے متاثرین کو درپیش مسائل، خطے کی امن و امان کی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
قبائلی عمائدین نے اس موقع پر امن کے قیام کو خطے کی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے حکومتی وعدوں پر جلد عملدرآمد کا مطالبہ کیا، جبکہ حکام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا (نارتھ) نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر کے علاقوں تیراہ میدان، اکاخیل، برقمبرخیل اور دیگر علاقوں میں امن و امان کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
جرگے کے شرکاء نے کامیاب انعقاد پر حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے علاقے میں پائیدار امن اور استحکام کو فروغ ملے گا۔


