Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, May 9, 2026

معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ، خیبرپختونخوا میں جشنِ فتح 2026 کی پروقار تقریبات

پشاور: خیبرپختونخوا میں “معرکۂ حق” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر “جشنِ فتح 2026” کے سلسلے میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں پاک فوج، پولیس، سول انتظامیہ، طلبہ، خواتین، بچوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریبات کا انعقاد پشاور کے مختلف اسکولوں، جامعات اور عوامی مقامات پر کیا گیا، جہاں شرکاء نے قومی یکجہتی، حب الوطنی اور شہداء کی قربانیوں کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور شہداء کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

جشنِ فتح کی مناسبت سے سائیکل ریلی، رکشہ ریلی، میراتھن اور پولیس فلیگ مارچ کا بھی انعقاد کیا گیا، جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے قومی اتحاد کا عملی مظاہرہ کیا۔

گیریژن آڈیٹوریم اور دیگر مقامات پر منعقدہ تقریبات میں بچوں نے ملی نغمے، تقاریر، ٹیبلوز اور ثقافتی پروگرام پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ اس کے علاوہ ڈرون شو، ڈاگ شو اور پاک فوج کے زیر استعمال مختلف ہتھیاروں کی نمائش بھی پروگرام کا حصہ رہی۔

جشنِ فتح کے سلسلے میں پاک فوج اور اسلامیہ کالج پشاور کے درمیان دوستانہ کرکٹ میچ بھی کھیلا گیا، جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

پشاور کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقدہ مرکزی تقریب میں فیصل کریم کنڈی، کمانڈر 11 کور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری، اعلیٰ عسکری و سول حکام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی سلامتی، امن اور استحکام کے لیے تمام ادارے اور عوام متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ، خیبرپختونخوا میں جشنِ فتح 2026 کی پروقار تقریبات

Shopping Basket