ڈپٹی کمشنر صوابی ڈاکٹر طارق اللہ صاحب اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی جناب وقاص رفیق صاحب کی زیرِ صدارت ڈی سی آفس صوابی میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع کی چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، متعلقہ محکموں کے افسران اور ل قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز آپریشن شروع کرنے، سرکاری و نجی اراضی پر غیر قانونی قبضوں کے خاتمے اور قانون کی مؤثر عملداری کو یقینی بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز، شفاف اور قانون کے مطابق عمل میں لائی جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ اور عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے، جبکہ کسی بھی بااثر یا قانون شکن عنصر کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس باہمی تعاون سے قبضہ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھیں گے تاکہ ضلع بھر میں قانون کی بالادستی، عوامی مفادات اور سرکاری املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔


