ڈپٹی کمشنر بنوں شاہ سعود خان نے سپورٹس کمپلیکس بنوں میں وزیر سب ڈویژن والی بال ٹورنمنٹ کا افتتاح کردیا۔رنگارنگ افتتاحی تقریب میں سب ڈویژن وزیر کے اسسٹنٹ کمشنرحیام ناصر،وزیر سب ڈویژن کے سپورٹس آفیسراحسان اللہ خان ،انٹرنیشنل ریفری وضلعی سپورٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد نظام الحق،اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے فیاض پپو،قومی والی بال کوچ لائق خان،پروفیسرفرید اللہ خان،سیف اللہ خان اور سابق ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرملک حبیب اللہ خان سمیت کثیرتعدادمیں سپورٹس سے وا بستہ شخصیات کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کاڈپٹی کمشنرکے ساتھ تعارف کرایا گیااورٹور نمنٹ میں حصہ لینے والی20 ٹیموں کے کھلاڑیوں میں والی بال اورکٹ تقسیم کئے گئے۔ڈپٹی کمشنرشاہ سعود، اسسٹنٹ کمشنرسب ڈویژن وزیرحیام ناصراوروزیر سب ڈویژن کے سپورٹس آفیسراحسان اللہ خان نے کہا کہ بنوں اوروزیرسب ڈویژن کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں وسائل کی کمی کے باوجودبنوں کے کھلاڑی ملکی اوربین الاقوامی سطح پرملک اوربنوں کا نام روشن کررہے ہیں۔ حالیہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنمنٹ میں بنوں کے کھلاڑی صفیان خان نے مین آف دی ٹورنمنٹ کااعزازحا صل کیا۔قومی والی بال ٹیم میں چارکھلاڑی بنوں کے ہیں جبکہ قومی والی بال ٹیم اور قومی خواتین والی بال ٹیم کے کپتانوں کاتعلق بھی بنوں سے ہے اوردیگرکھیلوں میں بھی بنوں کے کھلاڑی ملک کی نمائندگی کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیرسب ڈویژن کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ان کھلاڑیوں میں چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لا نے کیلئے پہلے بھی کھیلوں کے ٹورنامنٹس منعقد کئے ہیں ۔ اور موجودہ وقت میں بھی مختلف قسم کے کھیلوں کے متعدد ٹورنامنٹس جاری ہیں۔ جن کا مقصد کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ سامنے لانے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو صحت مندانہ تفریح کے مواقع فراہم کرنااورانہیں کھیلوں کی جانب راغب کرکے منشیات اورمنفی سرگرمیوں سے بچانا ہے۔انہوں ے کہا کہ کھیل کے میدان آباد کرنے سے ہسپتال ویرا ن ہو ں گے امن کی فضا قائم رہیگی جبکہ آئس ومنشیات کی لعنت سے ہمارے نوجوان محفوظ رہیں گے۔