Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, May 18, 2024

خیبرپختونخوا ر اؤنڈاَپ

وصال محمد خان
ہفتہء گزشتہ کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپورکئی حوالوں سے خبروں میں اِن رہے وہ بیانات کے ذریعے چومکھی لڑائی لڑ رہے ہیں وفاقی حکومت کے خلاف بیان بازی سے لیکروزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازپرتنقید،سٹیبلشمنٹ سے مذاکرات اوراب مولانافضل الرحما ن کے خلاف انکے بیانات موضوع بحث ہیں ۔گزشتہ سے پیوستہ ہفتے انہوں نے اسلام آبادپرقبضے کابیان دیا،اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اوروفاقی حکومت کولتاڑا،مریم نوازکے لباس پرتنقیدکی اوران کاتازہ ترین ارشادہے کہ مولانافضل الرحمان مسلمان ہوگئے ہیں۔ یعنی مولاناکی جانب سے پی ٹی آئی کے حق میں بیان دینامسلمان ہونا ہے ۔مذاکرات کے حوالے سے وزیراعلیٰ کاکہناتھاکہ با نی پی ٹی آئی ملکی استحکام کیلئے مذاکرات چاہتے ہیں،ہم سٹیبلشمنٹ سمیت سب کیساتھ مذاکرات کیلئے تیارہیں مگریہ مذاکرات سب کے سامنے کھلے آسمان تلے ہونگے۔ہم وفاق سے اپناحق مانگ رہے ہیں کوئی بھیک نہیں مانگ رہے ،وفاق اگریہ حق نہیں دیتاتوہم چھیننا جانتے ہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارا260ارب روپے بنتاہے وفاق اسی مدمیں جس460ارب روپے صوبے کوادائیگی کی بات کررہا ہے یہ رقم انفرا سٹرکچرکیلئے تھی وفاق کی جانب این ایف سی اوردیگرمدات میں1100ارب روپے واجب الاداہیں دہشت گردی کی حالیہ وارداتوں میں پی ڈی ایم ٹو ملوث ہے اگروفاق ہمیں ہماراحق دے توہم اپنی فورسزکی استعدادکار بڑھاسکتے ہیں۔یوم مزدورپرمنعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپورکاکہناتھاکہ مولانافضل الرحمان مسلمان ہوئے ہیں ان کاکوئی مینڈیٹ چوری نہیں ہوا بلکہ ہم نے انہیں ڈی آئی خان میں شفاف طریقے سے ہرایاہے۔انہوں نے مزدوروں کے بچوں کے تعلیمی اخراجات کیلئے 17کروڑ75 لاکھ روپے کی رقم بینک آف خیبرمیں ٹرانسفرکردی ۔ان کاکہناتھا کہ مزدوروں کیلئے بنائے گئے2056فلیٹس شفاف طریقے سے ان کے حوالے کئے جائیں گے مزدورکی کم ازکم اجرت 32ہزارروپے مقررہے اس پرعمل درآمدہوناچاہئے بانی پی ٹی آئی نے مجھے اداروں کیساتھ بات چیت کاٹاسک سونپاہے کسی ادارے سے جوبھی بات ہوگی سب کے سامنے ہوگی۔وزیراعلیٰ کوالیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کیس میں پیشی کا نوٹس جاری کیا ہے۔ جس کے خلاف پشاورہائیکورٹ میں سماعت کے دوران دورکنی بنچ کے روبروانکے وکیل کامؤقف تھا کہ ان کا مؤکل پی کے13اور قومی حلقے سے 8فروری کے عام انتخابات میں حصہ لیکرممبرصوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور اب وزارت اعلیٰ کے عہدے پرفائزہیں۔الیکشن کمیشن نے انکے خلاف اثاثہ جات کے حوالے سے ازخودنوٹس لیاہے حالانکہ انہوں نے تمام اثاثے کاغذات نامزدگی میں ظاہرکئے ہیں۔ جسے منظورکرکے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دی گئی ۔کسی رکن پارلیمنٹ کے خلاف ازخودنوٹس الیکشن کمیشن کا اختیار نہیں لہٰذاعلی امین گنڈا پورکوالیکشن کمیشن میں پیشی کانوٹس معطل کیاجائے ۔عدالت عالیہ نے نوٹس معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے 22مئی کوجواب طلب کر لیاہے۔مخصوص نشستوں پرمنتخب اپوزیشن ارکان سے حلف نہ لینے پر جے یوآئی اورمسلم لیگ ن نے پشاورہائی کور ٹ میں وزیراعلیٰ اورسپیکر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائرکی تھی جس پرسماعت کرتے ہوئے عدالت نے سپیکرصوبا ئی اسمبلی اور وزیراعلیٰ کونوٹسز جاری کرتے ہوئے ان سے سات روزمیں جواب طلب کیاہے ۔مخصوص نشستوں کے حوالے سے حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کیاہے جس کی سماعت8مئی کوتین رکنی بنچ کرے گا الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کومخصوص نشستیں نہ دینے کافیصلہ ہائیکور ٹ نے درست قراردیاتھا پی ٹی آئی راہنماشیر افضل مروت کے بھائی خالدلطیف کومعاون خصوصی کے عہدے سے ہٹادیاگیاہے شیر افضل مروت کاکہناہے کہ وہ قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے امیدوارہیں ایک گھر میں دوعہدوں کے پیش نظرانکے بھائی نے استعفیٰ دیاہے۔ یہ کنفیوژن تاحال برقرارہے کہ انہیں برطرف کیاگیایاانہوں نے ازخود استعفیٰ دیاہے؟۔
جے یوآئی 9مئی کوپشاورمیں عوامی پاورشوکرنے جارہی ہے ۔گزشتہ دنوں جے یوآئی ذرائع نے9مئی کوپاورشوکے حوالے سے بتایاتھا کہ گزشتہ برس اسی دن ایک سیاسی جماعت نے انتشارکی سیاست کی تھی ہم پرامن احتجاج کر کے امن ومحبت کاپیغام دینگے ۔مولاناکی جانب سے پی ٹی آئی کیلئے نرم گوشہ اسدقیصرکی ملاقاتوں کانتیجہ ہے یاپھرانہوں نے بھانپ لیاہے کہ پی ٹی آئی کے پاس صوبے میں مضبوط ووٹ بینک موجودہے اسلئے انکی نظرمستقبل پرہے ۔اگرچہ انہوں نے احتجاجی تحریک کاآغازتن تنہاکیاہے مگر پی ٹی آئی کیساتھ مل کرچلنے کے سوال کاجے یوآئی قائدین مبہم جواب دیتے ہیں ۔جس سے آشکاراہورہاہے کہ جے یوآئی مستقبل میں پی ٹی آئی کیساتھ اتحادکرسکتی ہے اگرچہ یہ ابھی‘‘ ہنوزدلی دوراست ’’والامعاملہ ہے مگراسکے امکانات ردنہیں کئے جاسکتے ۔جے یوآئی کی انتخابی کارکردگی کادارومداربلوچستان اورخیبر پختونخوا پرہے۔ خیبرپختونخوامیں مولاناکوپی ٹی آئی ہی کے ہاتھوں شکست سے دو چارہوناپڑاہے مگروہ وفاقی حکومت اوراتحادیوں کوآڑے ہاتھوں لئے ہوئے ہیں ۔پنجاب اورسندھ میں انکی کوئی خاص سیاسی حمایت موجودنہیں اگروہ سمجھتے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے تو یہ یقیناًپی ٹی آئی کے حق میں ہوسکتی ہے مگروہ اس حوالے سے مہربلب ہیں اور وفاقی حکومت اوراپنے سابقہ اتحادیوں کوتنقیدکانشانہ بنارہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے یاددلایا ہے کہ انہیں ڈی آئی خان میں ہم نے ہرایاہے ۔
صوبائی حکومت نے 6لاکھ ٹن گندم خریدنے کافیصلہ کیاہے جس میں تین لاکھ ٹن مقامی کسانوں سے خریدی جائے گی۔گندم خریداری کی مانیٹرنگ کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں نیب اورانٹی کرپشن کے نمائندے بھی شامل ہیں۔مشیرخزانہ مزمل اسلم کاکہناتھاکہ تین لاکھ ٹن گندم کی خریداری میں مقامی کسان کوترجیح دی جائے گی اگرمطلوبہ ہدف مقامی گندم سے پورانہ ہواتوپنجاب کے کسان 39سو روپے فی 40کلوگرام خیبرپختونخواحکومت کوگندم فروخت کرسکتے ہیں۔
صوبے میں تنازعات سے بھرپور میٹرک کے سالانہ امتحانات جاری ہیں مردان سمیت کئی شہروں سے پرچے آؤٹ ہونے کے اطلاعات ہیں ،بے قاعدگیوں پردرجن بھراساتذہ معطل کئے گئے ہیں ۔شمالی وزیرستان میں نامعلوم افرادنے گورنمنٹ ہائیرسیکنڈری سکول عیدک میں موجودبنوں تعلیمی بورڈکے23سینٹرزکے حل شدہ پرچے نذرِآتش کئے ۔دس سے پندرہ نامعلوم شرپسندوں نے دیواریں پھلانگ کر چوکی دار کو یرغما ل بنایا اورسکول میں قائم پیپربینک کوآتشیں موادسے جلادیاواقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوامگرحل شدہ پرچوں کے جل جانے پرسینکڑوں طلبہ کے مستقبل پرسوالیہ نشان ثبت ہوچکے ہیں ۔عوامی حلقوں نے حکومت سے اس سلسلے میں راست اقدام کامطا لبہ کیاہے۔
بلدیاتی نمائندوں نے پشاورمیں مظاہرے کااعلان کیاتھامگروزیربلدیات ارشدایوب کیساتھ ملاقات پریہ احتجاج دوہفتے کیلئے ملتوی کیاگیا ہے ۔وزیربلدیات نے بلدیاتی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت آمدہ بجٹ میں ان کیلئے ترقیاتی فنڈز رکھے گی ۔
عوامی نیشنل پارٹی کے انٹراپارٹی انتخابات کاسلسلہ جاری ہے سابق مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخارحسین متفقہ طورپرصوبائی صدرحسین شاہ یوسفزئی جنرل سیکرٹری جبکہ عاقل شاہ سینئرنائب صدرچن لئے گئے ہیں۔ مرکزی صدرکاانتخاب تاحال نہیں ہوامگرشنیدہے کہ ایمل ولی خان مرکزی صدارت کیلئے مضبوط امیدوارہیں۔الیکشن کمیشن نے اے این پی کو10مئی تک انٹراپارٹی انتخابات منعقدکر نیکی ہدایت دی ہے۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket