Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Tuesday, November 24, 2026

مہمند: زمینداروں کا زرعی منصوبوں پر اعتماد، مزید فنڈز کا مطالبہ

ضلع مہمند: مختلف تحصیلوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں زمینداروں نے ایگریکلچر انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے زرعی شعبے کے لیے مزید فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مہمند پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میر عالم خان، زیارت گل ،نثار خان، ہمیش گل، دوران خان، مولانا حکمت شاہ اور اسلام گل سمیت دیگر زمینداروں نے کہا کہ محکمہ ایگریکلچر انجینئرنگ گزشتہ تین سے چار سال سے علاقے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہا ہے، جن سے مقامی زمیندار مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چند افراد پریس کانفرنسوں کے ذریعے محکمہ کو مبینہ طور پر بلیک میل کرنے اور جاری ترقیاتی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کے لیے آج تک کسی زمیندار نے ایک روپیہ بھی ادا نہیں کیا، کیونکہ یہ سرکاری منصوبے زمینداروں کی سہولت اور زرعی ترقی کے لیے شروع کیے گئے ہیں۔

زمینداروں کے مطابق خویزئی، بائیزئی، امبار، حلیمزئی اور پنڈیالی سمیت مختلف علاقوں میں سولرائزیشن، زمین کی ہمواری اور دیگر زرعی منصوبوں پر کام کیا گیا ہے، جس سے کاشتکاری کے حالات میں بہتری آئی ہے۔ ان منصوبوں کے نتیجے میں رواں سال متعدد زمینداروں نے ٹماٹر اور کریلے کی فصل فروخت کرکے لاکھوں اور کروڑوں روپے کی آمدن حاصل کی۔ انہوں نے گورنر خیبر پختونخوا, ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ،ڈپٹی کمشنر مہمند اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ چند افراد کی شکایات پر ترقیاتی منصوبے بند کرنے کے بجائے محکمہ کی کارکردگی اور منصوبوں کی افادیت کا خود جائزہ لیا جائے تاکہ علاقے میں جاری ترقیاتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ زمینداروں نے وزیراعظم، گورنر، آرمی چیف اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ ضلع مہمند کے لیے زرعی شعبے میں مزید فنڈز فراہم کیے جائیں اور بالخصوص سولرائزیشن، ٹنل فارمنگ اور زمین کی ہمواری کے منصوبوں کو وسعت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع مہمند کی بڑی آبادی کا ذریعہ معاش زراعت سے وابستہ ہے، اس لیے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری نہ صرف زمینداروں کی معاشی حالت بہتر بنا سکتی ہے بلکہ علاقے کی مجموعی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

مہمند: زمینداروں کا زرعی منصوبوں پر اعتماد، مزید فنڈز کا مطالبہ

Shopping Basket