لکی مروت ہفتہ صفائی و انسداد ڈینگی آگاہی مہم وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لکی مروت مفتاح الدین کی زیر نگرانی محکمہ تعلیم نے محکمہ صحت اور بوائے سکاوٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر 3 لکی مروت میں ہفتہ صفائی و انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں آگاہی سیمنار منعقد کیا۔سیمینار میں پرنسپل شریف اللہ خان، ڈسٹرکٹ سکاوٹ سیکرٹری غلام مرسلین، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس لکی مروت کے میڈیکل انٹامالوجسٹ جمیل خان، اساتذہ، سکاوٹ لیڈرز، طلبہ اور بوائے سکاوٹس نے شرکت کی۔ ہال کو بینرز اور پوسٹرز سے سجایا گیا تھا جن پر انسداد ڈینگی کی علامات، علاج اور احتیاطی تدابیر سے متعلق پیغامات درج تھے۔میڈیکل انٹامالوجسٹ جمیل خان نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اینٹی ڈینگی فورس کے فعال ممبر بنیں اور نہ صرف اپنے گھر و سکول بلکہ ارد گرد علاقے میں کھڑے پانی کا خاتمہ کریں اور صفائی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی خطرناک بیماری ہے جو جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے اور اس سے بچاو کے لئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ضروری ہے۔ انہوں نے دوا لگی مچھر دانیوں کے استعمال پر روشنی ڈالی اور کہا کہ رات کو سوتے وقت مچھردانی استعمال کی جائے یا مچھربھگاو لوشن استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ استعمال شدہ کباڑ سامان کو شاپرز میں اچھے طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے، طلبہ کو چاہیے کہ وہ پوری آستین والے کپڑے پہنیں اور چھتوں کی ٹینکیوں اور پانی سے بھرے برتنوں کو ڈھانپ کر رکھنے سے متعلق آگاہی لائیں اس کے علاوہ گھر، سکول اور ارد گرد علاقے میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ انہوں نے طلبہ اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقے میں ڈینگی کی احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی لائیں۔
بعد میں انسداد ڈینگی آگاہی واک منعقد ہوئی جس میں شرکاء نے بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر ڈینگی سے بچاو کے نعرے اور پیغامات درج تھے۔


