پشاور: چھٹی پشاور اوپن جونیئر تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا انعقاد اسپورٹس ولیج، ڈی ایچ اے روڈ پر کیا گیا، جس میں پشاور، بنوں اور کوہاٹ ریجن سمیت مختلف اضلاع اور کلبوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں مرد و خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
چیمپئن شپ کے دوران مختلف ویٹ کیٹیگریز میں مقابلے ہوئے، جن میں کھلاڑیوں نے اعلیٰ درجے کی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین سے بھرپور داد وصول کی۔
مقابلوں کے مجموعی نتائج کے مطابق پشاور ریجن نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے چیمپئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا، جبکہ بنوں ریجن دوسرے اور آئی ٹی ایف حیات آباد کلب پشاور تیسرے نمبر پر رہا۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی الیاس آفریدی تھے، جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں میڈلز اور نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔
اس موقع پر الیاس آفریدی نے کہا کہ اس نوعیت کے مقابلوں سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملتا ہے اور خیبر پختونخوا میں تائیکوانڈو کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا ہوتا ہے۔ انہوں نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ نئے ٹیلنٹ کو قومی سطح پر آگے آنے کے مزید مواقع میسر آ سکیں۔


