Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, May 4, 2026

مہمند میں ’آپریشن بنیان المرصوص‘ کی پہلی سالگرہ

ضلع مہمند میں آپریشن بنیان المرصوص (معرکۂ حق) کی پہلی سالگرہ کے موقع پر مہمند پریس کلب میں قبائلی عمائدین نے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک نادر منان، ملک حاجی احمد خویزئی، ملک عطاء اللہ ترگزئی، ملک ریحان شاہ، ملک فیاض خویزئی، ملک صاحب خان، ملک امیر نواز خان، ملک زیارت گل اور ملک انعام الحق سمیت دیگر مشران نے کہا کہ مہمند کے تمام قبائل ملکی دفاع میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے درپیش چیلنجز کے باوجود پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو مؤثر جواب دیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے پاک فضائیہ اور مسلح افواج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا جا رہا ہے۔ مشران نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے، جس سے عالمی سطح پر ملک کا تشخص مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ معلومات اور پروپیگنڈے سے گریز کریں اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل اپنائیں۔

افغانستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں بلکہ امن کا خواہاں ہے اور مسائل کے حل کے لیے جرگہ سمیت تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ اپنی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔ پریس کانفرنس کے اختتام پر قبائلی عمائدین اور شہریوں نے مہمند پریس کلب سے غلنئی بازار تک واک کا اہتمام کیا، جس میں شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر آپریشن بنیان المرصوص کی سالگرہ سے متعلق نعرے درج تھے۔

مہمند میں ’آپریشن بنیان المرصوص‘ کی پہلی سالگرہ

Shopping Basket