پشاور: معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ اور جشنِ فتح 2026 کے موقع پر پشاور میں خصوصی میراتھن ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مردوں، خواتین اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کا آغاز امن چوک سے ہوا اور یہ پولو گراؤنڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے راستے بھر جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی یکجہتی اور حب الوطنی کا اظہار کیا، جبکہ شہریوں کی جانب سے میراتھن میں شریک افراد کا پرتپاک استقبال بھی کیا گیا۔
اختتامی مقام پر ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ میراتھن کے دوران “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے نعرے گونجتے رہے جس سے فضا حب الوطنی کے جذبات سے سرشار رہی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں کامیابی قومی اتحاد اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی سلامتی کے لیے پوری قوم متحد ہے اور ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔


