وانا: فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساؤتھ) کے زیر اہتمام وزیرستان امن فیسٹیول 2026 کے تیسرے اور آخری مرحلے کے پہلے فائنل مقابلے میں شکئی وولوز نے جنڈولہ اسٹارز کو شکست دے کر کرکٹ ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل میچ وانا اسکاؤٹس اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں شکئی وولوز اور جنڈولہ اسٹارز کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل، عمدہ اسپورٹس مین شپ اور جیت کے بھرپور جذبے کا مظاہرہ کیا، تاہم شکئی وولوز کامیاب قرار پائی۔
میچ کے دوران کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود رہی، جنہوں نے دونوں ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ تماشائیوں کے جوش و خروش سے اسٹیڈیم کا ماحول کھیلوں کے جذبے اور رونق سے بھرپور رہا۔
منتظمین کے مطابق وزیرستان امن فیسٹیول 2026 کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا، امن، بھائی چارے، سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے جذبے کو مستحکم کرنا ہے۔ فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساؤتھ) کی جانب سے اس فیسٹیول کو نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کی ایک اہم کاوش قرار دیا جا رہا ہے۔


